بھارتی کرکٹر پیوش چاولہ کے والد کورونا سے چل بسے

والد کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث جان کی بازی ہارے ہیں: لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 11 مئی 2021 13:33

بھارتی کرکٹر پیوش چاولہ کے والد کورونا سے چل بسے
نئی دلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 مئی 2021ء ) معروف بھارتی کرکٹر پیوش چاولہ کے والد پرمود کمار چاولہ کورونا سے چل بسے۔ پیوش چاولہ کے والد گزشتہ کچھ روز سے کورونا میں مبتلا تھے اور اسی وجہ سے پیر کو دم توڑ گئے۔ 32 سالہ کرکٹر پیوش چاولہ نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ان کے والد کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث جان کی بازی ہارے ہیں۔

خیال رہے کہ لیگ سپنر پیوش چاولہ 2007ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور 2011ء کے ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والے دونوں بھارتی سکواڈز کا حصہ تھے۔ حالیہ آئی پی ایل میں وہ ممبئی انڈینز کا حصہ تھے۔ یاد رہے کہ بھارت میں ایک دن میں کورونا کے مزید دو لاکھ اٹھتر ہزار نئے مریض سامنے آگئے جبکہ مزید تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔

(جاری ہے)

مرنے والوں کی آخری رسومات کے لیے جگہ کم پڑنے لگی، بھارتی ریاست بہار اور اتر پردیش کے سنگم پر دریائے گنگا میں 40 سے زائد لاشیں تلف ہونے کے لیے چھوڑدی گئیں، جن کو دیکھ کر مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تامل ناڈو، راجستھان اور پوڈوچری میں آج سے دو ہفتوں کا لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق مودی حکومت پر قومی لاک ڈاؤن کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔جبکہ بھارت سے سعودی شہریوں کا انخلا جاری ہے۔ دلی سے سعودی شہریوں کو لے کر پہلی پرواز سعودی عرب پہنچ گئی۔