مسلم حکمران اتحادکا مظاہرہ کرتے توفلسطین آزادہو چکا ہوتا، پیر محفوظ مشہدی

عرب بادشاہوں کے مفادات او آئی سی کے دو ٹوک موقف اختیار کرنے میں رکاوٹ ہیں 39 اسلامی ممالک کا عسکری اتحاد مسجد الاقصیٰ کی آزادی کیلئے فوجی دستے بھجوائے ، مرکزی صدر جے یو پی سواد اعظم

بدھ 12 مئی 2021 21:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2021ء) جمعیت علمائے پاکستان( سواد اعظم) کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی ، سیکرٹری جنرل پیراقبال شاہ،اور صوبائی صدر پنجاب واجد علی گیلانی نے کہا ہے کہ مسجد الاقصیٰ مسلمانوں کی ہے ۔ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے قبضے کو امت مسلمہ نے کبھی تسلیم نہیں کیا۔ مسلم حکمران اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرتے توفلسطین کی آزادی بہت پہلے ہو چکی ہوتی مگر افسوس عرب بادشاہوں کے مفادات او آئی سی کے دو ٹوک موقف اختیار کرنے میں رکاوٹ ہیں۔

(جاری ہے)

بے حمیتی کی بات تو یہ ہے کہ کئی مسلم ممالک ناجائز ریاست اسرائیل کو تسلیم کرچکے ہیں ۔اب ان کی طرف سے محض مذمتی بیانات کی کوئی حیثیت نہیں ،انہیں اپنے فیصلوں پر دستبردار ہوجانا چاہیے۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے 1948ء میں اسرائیل کو ناجائز ریاست قراردے کر تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔ اور پاکستان اپنے روایتی موقف پر ڈٹ کر کھڑا ہے۔ مشترکہ بیان میں جے یو پی کے رہنماوں نے سعودی عرب کی قیادت میں بننے والی39 اسلامی ممالک کے عسکری اتحاد کو مسجد الاقصیٰ کی آزادی کیلئے فوجی دستے بھجوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آج سرزمین انبیاء کی حفاظت نہ کی توتاریخ معاف نہیں کرے گی۔