چودھری نثار نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے سے انکار کر دیا

میرا اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھانے کا کوئی ارادہ نہیں، اس حوالے سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں: سابق وزیر داخلہ

muhammad ali محمد علی ہفتہ 15 مئی 2021 20:31

چودھری نثار نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے سے انکار کر دیا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2021ء) چودھری نثار نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ چودھری نثار سے متعلق خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ 3 سال کے وقفے کے بعد پنجاب اسمبلی کی رکنیت اٹھانے کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔ چودھری نثار علی خان عام انتخابات 2018 میں راولپنڈی سے آزاد حیثیت سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم انہوں نے تاحال اسمبلی رکنیت کاحلف نہیں اٹھایا ۔

اس حوالے سے سینئر سیاستدان نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔ چودھری نثار کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں حلف اٹھانے کی خبروں کی تردید کی گئی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے کہا کہ میرا اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھانے کا کوئی ارادہ نہیں، اس حوالے سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا شمار مسلم لیگ ن کی پالیسی ساز رہنماؤں کی صف میں ہوتا تھا لیکن پارٹی سے اختلافات کی وجہ سے انہیں الیکشن میں بھی شدید نقصان اُٹھانا پڑا اور قومی اسمبلی کی کسی نشست سے کامیابی ان کا مقدر نہیں ہوئی۔

سیاسی حلقوں میں چودھری نثار علی خان سے متعلق یہ رائے رکھی جاتی ہے کہ ان کا بیانیہ شہبازشریف کی طرح مفاہمتی بیانیے پر مبنی ہے۔ چودھری نثار کے نواز شریف سے اختلافات بھی ان کے مزاحمتی بیانیے کی وجہ سے ہوئے تھے۔ چودھری نثار علی خان نے عام انتخابات 2018ء میں چار نشستوں سےحصہ لیا جس میں دو نشستیں قومی اسمبلی جبکہ دو صوبائی اسمبلی کی تھیں۔

چودھری نثار علی خان کو قومی اسمبلی کی دو نشستوں این اے 59 اور این اے 63 سے اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 12 سے شکست کا سامنا ہوا، جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 10 سے چودھری نثار علی خان کامیاب قرار پائے لیکن چودھری نثار علی خان نے پنجاب اسمبلی میں نہ تو حلف اُٹھایا اور نہ ہی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کے لیے پولنگ کے عمل میں شامل ہوئے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اپنے ایک بیان میں سینئیر سیاستدان چودھری نثار علی خان نے کہا تھا کہ میں مسلم لیگ ن کا بانی کارکن ہوں جسے نواز شریف نے سائیڈ پر لگا دیا جبکہ کچھ دنیا سے رخصت ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر حلف اٹھانا تھوک کرچاٹنے کے مترادف ہے۔