بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مزید 27 مسافر کورونا وائرس میں مبتلا نکلے

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جعلی کورونا سرٹیفکیٹ پر مسافروں کو لانے والی نجی ایئرلائن پر جرمانہ عائد کردیا، 18 مئی کو شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز کا اجازت نامہ بھی منسوخ کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 17 مئی 2021 13:32

بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مزید 27 مسافر کورونا وائرس میں مبتلا ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مئی 2021ء ) بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مزید 27 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جعلی کورونا سرٹیفکیٹ پر مسافروں کو لانے والی نجی ایئرلائن پر جرمانہ عائد کردیا، 18 مئی کو شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز کا اجازت نامہ بھی منسوخ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شارجہ سے آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز پی اے 613 میں 27 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ، ایئر پورٹ انتظامیہ کی جانب سے لیے گئے ریپڈ ٹیسٹ کے دوران 27 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد محکمہ صحت نے کورونا متاثرہ مسافروں کو قرنطینہ کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جعلی کورونا سرٹیفکیٹ کے ذریعے مسافروں کو پشاورلانے کے معاملے پر نجی ایئرلائن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وارننگ اور جرمانہ عائد کردیا ہے ، 18 مئی کو شارجہ سے پشاور آنے والی پروازکا اجازت نامہ بھی منسوخ کردیا گیا ہے ، جس کے بعد نجی ایئرلائن کو پشاور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے بھی جعلی کورونا رپورٹس پر خلیجی ممالک سے مسافروں کے پاکستان آنے کا انکشاف ہوا ، میڈیا رپورٹ میں سول ایوی ایشن ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ خلیجی ممالک سے جعلی رپورٹس پر 31 مسافرپشاور اور 11 کراچی پہنچے جب کہ پشاور قرنطینہ سینٹر سے 28 اورکراچی سے 6 مسافرفرار ہوگئے ، جعلی ٹیسٹ رپورٹ والوں نے ناصرف ساتھ سفرکرنے والے دیگر مسافروں کی جان کو خطرے میں ڈالا بلکہ اس قسم کے واقعات کی وجہ سے سے کورونا وباء پر قابو پانے کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

سول ایو ی ایشن ذرائع کے مطابق پاکستان آنے والے مسافرتصدیق شدہ لیبارٹریز سے ہی کورونا ٹیسٹ کرائیں ، درست کیو آر کوڈ کے بغیر منفی رپورٹ قبول نہیں کی جائے گی جب کہ ٹریک ایپ میں رجسٹرڈ نہ ہونے والے مسافر پاکستان سفرکرنے کے اہل نہیں ہیں ، تمام ائیرلائنز ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرائیں ، ہدایات پر عمل نہ ہوا تومتعلقہ ائیرلائنز پر مالی جرمانے سمیت دیگر سزائیں دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔