رنگ روڈ اسکینڈل، وزیراعظم کو تحقیقات کیلئے نامعلوم شخص کی جانب سے میسج کیے جانے کا انکشاف

وزیراعظم عمران خان کو نامعلوم میسج آیا کہ راولپنڈی میں انجینئر ہوں، اس شخص نے منصوبے میں خرابی سے متعلق بتایا، اسی نامعلوم میسج کی بنیاد پر تحقیقات شروع کی گئیں۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی منگل 18 مئی 2021 17:58

رنگ روڈ اسکینڈل، وزیراعظم کو تحقیقات کیلئے نامعلوم شخص کی جانب سے میسج ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 مئی2021ء ) راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کے معاملے کی تحقیقات کیلئے نامعلوم شخص کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو میسج کیے جانے کا انکشاف ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو نامعلوم میسج آیا کہ راولپنڈی میں انجینئر ہوں، اس شخص نے منصوبے میں خرابی سے متعلق بتایا، اسی نامعلوم میسج کی بنیاد پر تحقیقات شروع کی گئیں اور رنگ روڈ منصوبے میں اربوں روپے کھائے نہیں بلکہ بچائے گئے ہیں، رنگ روڈ انکوائری میں غلام سرور اور زلفی بخاری کا نام نہیں لیکن زلفی بخاری نے نام نہ ہونے کے باوجود تحقیقات مکمل ہونے تک استعفیٰ دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی اسکینڈل سامنے آتا ہے تو شفاف تحقیق کی جاتی ہے، یہی اصل تبدیلی ہے جو ہم لوگ چاہتے تھے، ن لیگ یا پیپلزپارٹی اقتدارمیں ہوتی تو کوئی انکوائری نہ ہوتی، رنگ روڈ منصوبے کی 2018 میں ابتدائی الاٹمنٹ کی گئی، وزیراعظم نے رنگ روڈ منصوبے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا، یہ عمران خان ہیں جو دلیرانہ فیصلے لیتے ہیں، ن لیگ والے تحقیقاتی رپورٹ پڑھ لیتے توغلط بیانی نہ کرتے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اسکینڈل اربوں روپے کی کرپشن کا نہیں بلکہ وزیر اعظم نے اس منصوبے پر اربوں روپے کی کرپشن روک دی، اس حوالے سے وزیر اعظم کے حکم پر تحقیقات کرائی گئیں، ابتدائی تحقیقات میں کوئی حکومتی وزیر اور مشیر اس اسکینڈل میں ملوث نہیں ہے ، رپورٹ میں زلفی بخاری یا غلام سرور کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن اصلاحات سے متعلق اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی پوزیشن واضح نہیں، ن لیگ والے تو شفاف الیکشن پر یقین ہی نہیں رکھتے کیوں کہ ن لیگ دھاندلی کے بغیر الیکشن نہیں لڑسکتی، قومی اسمبلی میں پیر کے دن سے الیکشن اصلاحات سے متعلق بحث کا آغاز کریں گے۔