فیصل آباد، شدید طوفان بادوباراں کے دوران گھروں کی چھتیں اور دیوار گرنے سے ایک خاتون جاں بحق، متعدد زخمی

بجلی کی تاریں ٹوٹنے سے متعدد علاقوں کی بجلی بند اور فیسکو کی100سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے

منگل 1 جون 2021 22:09

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2021ء) شدید طوفان بادوباراں کے دوران گھروں کی چھتیں اور دیوار گرنے سے ایک خاتون جاں بحق‘جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ‘ درخت جڑوں سے اکھڑگئے‘ بجلی کی تاریں ٹوٹنے سے متعدد علاقوں کی بجلی بند اور فیسکو کی100سے زائد فیڈر ٹرپ ہوگئے ۔ آندھی کے دوران آگ لگنے سے بچھڑا زندہ جل گیا‘ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا۔

بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ شب شدید بارش اور طوفانی آندھی کے دوران 235ر۔ب نیاموآنہ اللہ والی مسجد کے قریب گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 70سالہ خاتون فتح بی بی زوجہ شہادت علی زندگی کی بازی ہار گئی تاندلیانوالہ پنڈی شیخ موسیٰ میں گھر کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 18سالہ ثوبیہ دختر مشتاق بری طرح زخمی ہوگئی‘ ۱جلہ موڑ اضافی بستی تاندلیانوالہ میں خستہ ہال گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 23سالہ محمد عدنان ولد منظور‘27سالہ اویس ولد ارشاد احمد ‘10 سالہ زین ولد ملازم حسین بری طرح زخمی ہوگئے جبکہ سمندری کے علاقہ 465گ ب میراں والی سرکار میں شدید آندھی کے دوران گھر میں آگ لگنے کے دوران بچھڑا زندہ جل کر ہلاک ہوگیا ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں 465گ ب میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کے قریب چولہے میں لگی آگ چنگاریوں نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور غلام محمد آباد پیراں والا چوک کے قریب شارٹ سرکٹ کے باعث مقامی فیکٹری میں آگ لگنے سے بھاری مالیت کا دھاگہ اور کاٹن جل کر خاکستر ہوگیا ۔علاوہ ازیں شدید بادوباراں کے دوران درخت جڑوں سے اکھڑگئے اور شہر کے مختلف مقامات پر درخت گرنے سے بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں جس کی وجہ سے شہر کے اکثر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے اور اسی دوران فیسکو کے ایک سو سے زائد فیڈر بھی ٹرپ کر گئے۔

فیسکو ذرائع کے مطابق شہر کے اکثرعلاقوں میں بجلی کو بحال کردیاگیا ہے تاہم بعض علاقوں میں بجلی کو بحال کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔علاوہ ازیں موسم میں ہونے والی اچانک تبدیلی نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں اس کو خوشگوار بنادیا ہے، تیزی آندھی کے چلنے کی وجہ جہاں مالی نقصان ہوا وہاں جانی بھی ہوا، تیزی آندھی کے بعد بارش کی وجہ سے 10 افراد جان کی بازی ہارگئے، واقعہ پنجاب کے شہر اکاڑہ میں پیش آیاتفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ابر رحمت زحمت بن گئی، تیز آندھی چلنے کی وجہ سے متعدد علاقوں میں درخت گرگئے اور سڑکوں پر لگے سائب بورڈ بھی گرپڑے، پنجاب کے اہم شہر اوکاڑہ میں اس قدر تیزی آندھی چلی کہ 10 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ بارش نے بھی علاقہ مکینوں کو متاثر کیا۔