وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ایم این اے مونس الٰہی کی وفد سمیت وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات

وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا، فیصلہ سازی کے عمل میں پاکستان مسلم لیگ کو شریک کیا گیا ہے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کا اعلان خوش آئند ہے، عوام کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے، ہمارا نصب العین صرف عوام کی خدمت ہے: مونس الٰہی وفد میں ایم این اے سالک حسین، صوبائی وزرا حافظ عمار یاسراور محمد رضوان شامل تھے، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی ملاقات میں موجود تھے

بدھ 2 جون 2021 22:05

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ایم این اے مونس الٰہی کی وفد سمیت ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان مسلم لیگ کے رہنما و رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ کے وفد نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور موجودہ سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ کے وفد میں ایم این اے سالک حسین، صوبائی وزرا حافظ عمار یاسراور محمد رضوان شامل تھے۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں، مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ہماری اتحادی جماعت ہے اور اتحادیوں کے ساتھ تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں یہی وجہ ہے کہ ہمارا پاکستان مسلم لیگ سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ فیصلہ سازی کے عمل میں مسلم لیگ کو شریک کیا گیا ہے اور ہر ضلع کیلئے علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج بھی تیار کیا ہے، انشاء اللہ جلد گجرات، منڈی بہاؤالدین، چکوال اور ڈسکہ کا دورہ کروں گا۔

مونس الٰہی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے اور مل کر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ مونس الٰہی نے کہا کہ ہمارا نصب العین صرف عوام کی خدمت ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کا اعلان خوش آئند ہے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔