حکومت کا اسلام آباد کو سیف زون بنانے کیلئے نئی فورس لانے کا فیصلہ

8 سے 10 روز میں اسلام آباد کے لیے نئی فورس شروع کی جائے گی ، نئی فورس کے پیٹرولنگ اسکواڈ میں 150 موٹر بائیکس اور 20 گاڑیاں بھی شامل ہوں گی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 4 جون 2021 12:47

حکومت کا اسلام آباد کو سیف زون بنانے کیلئے نئی فورس لانے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 جون 2021ء ) حکومت نے اسلام آباد کو سیف زون بنانے کیلئے نئی فورس لانے کا فیصلہ کرلیا ، وفاقی دارالحکومت کیلئے نئی فورس لانے کا اعلان وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی جانب سے وزیرستان کے 2 روزہ دورے پر روانگی سے قبل ایک بیان جاری کیا گیا ، جس میں انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 8 سے 10 روز میں اسلام آباد کے لیے نئی فورس شروع کرنے اور دارالحکومت کو محفوظ بنانے کا اعلان کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ کچھ عرصے سے اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا، اسلام آبادمیں رات کو بھی 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے ، جس کے ساتھ ہی ہمارے دورمیں پولیس کے شہداء کی تعداد 9 ہو گئی ، اس لیے فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آباد کو سیف زون بنائیں گے ، مذکورہ نئی فورس کے پیٹرولنگ اسکواڈ میں 150 موٹر بائیکس اور 20 گاڑیاں بھی شامل ہوں گی۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے بتایا کہ بارڈر مینجمنٹ کے معاملات دیکھنے کے لیے شمالی وزیرستان جا رہا ہوں، افغانستان کے ساتھ سرحد پرباڑ لگانے کا کام 2 ماہ میں مکمل ہو گا، اس کے علاوہ ایران کے ساتھ سرحدی باڑ سال کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی ، وزیراعظم عمران حکومت کی خواہش ہے کہ تمام سرحدوں پر ایسا سسٹم لایا جائے جہاں پر الیکٹرانک انٹری اور ایگزٹ ہو ، اس پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا گیا ، اسلام آباد آئی جے پرنسپل روڈ کے قریب مسلح ملزمان نے ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے ، شہید پولیس اہلکاروں میں بشیر اور اشتیاق شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ تھانہ شمس کالونی کی حدود میں پیش آیا، اہلکار ایگل فورس کا حصہ تھے اور موٹر سائیکل پر علاقے کی پیٹرولنگ پر مامور تھے ، دونوں اہل کاروں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جب کہ قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

دوسری طرف وزیر داخلہ شیخ رشید نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ، شیخ رشید نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔