حکومت آنے والے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے ، زاہد اعوان

حکومت کو عوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، سینئر سیاستدان

جمعہ 4 جون 2021 23:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2021ء) سینئر سیاستدان اور سیاسی و سماجی رہنماء زاہد اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ آنے والے بجٹ میں عوام کو زیادہ ریلیف دے ، زاہد اعوان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام پہلے ہی کسم پرسی کی زندگی گزار رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جب کورونا وائرس کی وباء میں لوگوں کے کاروبار ختم ہوچکے ہیں اور بیروزگاری کی شرح میں بھی خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے ، حکومت کو عوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے ، زاہد اعوان کا مزید کہنا تھا کہ شام 6بجے کاروبار بند کرنے کے فیصلے پر بھی حکومت کو نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے ، کیونکہ اس کے باعث روز مرہ کمانے والے بہت زیادہ متاثر ہورہے ہیں ، کاروباری بند ہونے کے سبب ان کے گھروں کے چولہے جلنا مشکل ہوچکے ہیں ، ایسے میں اگر آنے والے بجٹ میں حکومت نے عوام کو خاطرخواہ ریلیف فراہم نہیں کیا تو مہنگائی کا سیلاب آنے کا خدشہ پیدا ہوجائے گا ، زاہد اعوان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان سے عوام کو بہت توقعات وابستہ ہیں ، انہیں چاہئے کہ وہ عوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کے مفاد میں فیصلے کریں اور آنے والے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کریں۔