وفاق نے سندھ حکومت کا ترقیاتی کاموں میں 25 فیصد حصے کا مطالبہ مسترد کردیا

مراد علی شاہ غلط اعداد و شمار دے کر صوبائیت کی سیاست نہ کریں، سندھ میں ترقیاتی منصوبے بنائیں گے لیکن کیش آپ کے ہاتھ میں نہیں دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا ردعمل

Sajid Ali ساجد علی منگل 8 جون 2021 17:56

وفاق نے سندھ حکومت کا ترقیاتی کاموں میں 25 فیصد حصے کا مطالبہ مسترد کردیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 جون 2021ء ) وفاق نے سندھ حکومت کا ترقیاتی کاموں میں 25 فیصد حصے کا مطالبہ مسترد کردیا ، وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ غلط اعداد و شمار دے کر صوبائیت کی سیاست نہ کریں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ سندھ میں ترقیاتی منصوبے بنائیں گے لیکن کیش آپ کے ہاتھ میں نہیں دیں گے ، مراد علی شاہ کے صوبائیت اور تعصب پر مبنی بیان پر افسوس ہوا کیوں کہ ہم صوبائیت کی سیاست نہیں کرتے، پنجاب، سندھ سمیت سب ہمارے ہیں ، مراد علی شاہ غلط اعداد و شمار دے کر صوبائیت کی سیاست نہ کریں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے پہلے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی سے ترقیاتی کاموں میں 25 فیصد حصہ مانگ لیا ، وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں کہ زخموں پر نمک چھڑکنا کوئی وفاقی حکومت سے سیکھے، سندھ کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کی صرف دو سکیمیں تھیں، پنجاب کیلئے سندھ سے زیادہ فنڈز رکھے گئے ، کراچی میں پریس کانفنرنس کرتے ہوئے انہوں نے ترقیاتی کاموں میں 25 فیصد حصے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نے پنجاب کیلئے سندھ سے زیادہ ترقیاتی فنڈ دیا، این ایچ اے میں ہمارے لیے کوئی نیا منصوبہ نہیں رکھا گیا، زخموں پر نمک چھڑکنا کوئی وفاقی حکومت سے سیکھے، وفاق کو اب خط لکھنا چھوڑ دیا، آخری خط میں لکھا تھا شاید میں بہرے لوگوں سے بات کر رہا ہوں ، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں بھی ترقیاتی کاموں کیلئے 25 فیصد حصہ دیں کیوں کہ ہماری کوشش ہے کہ ہمارا روڈ نیٹ ورک بہتر ہو، روڈ نیٹ ورک بہتر ہونے سے معیشت میں بہتری آتی ہے، اسی لیے صوبہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ترقیاتی کاموں پر خوشی ہے۔