انتخابات میں شفافیت کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، فواد چودھری

حکومت بار ایسوسی ایشنز کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں اور پرعزم ہے وکلا کو صحت کارڈز کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات کی انصاف لائرز فورم راولپنڈی اسلام آباد کے وفد سے گفتگو

بدھ 9 جون 2021 23:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ انتخابات میں شفافیت کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت بار ایسوسی ایشنز کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں اور پرعزم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف لائرز فورم راولپنڈی اسلام آباد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل اور ایڈووکیٹ جنرل نیاز اللہ نیازی بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات میں شفافیت کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، راولپنڈی، ملتان اور پنجاب بار کونسل نے اپنے انتخابات ای وی ایم پر کروانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، دیگر بار ایسوسی ایشنز بھی ٹیکنالوجی کے استعمال سے استفادہ کر سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست عمران خان سے وابستہ ہے، پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان وکلا کو قرضوں کی فراہمی کے لئے سٹیٹ بینک سے بات ہوئی ہے۔ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوان وکلا کو 10 لاکھ روپے تک قرضہ فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں بھی وکلا کو شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔فواد چودجری نے کہا کہ وکلا کو صحت کارڈز کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ہم ہر سطح پر وکلا کے ساتھ کھڑے ہیں، آئین و قانون کی سربلندی کیلئے وکلا کی گراں قدر خدمات قابل ستائش ہیں۔