پاکستانی باسمتی چاول کے قانونی معاملات یورپی یونین میں درست سمت گامزن ہیں،چیئرمین رائس ایکسپورٹرایسوسی ایشن

جمعرات 10 جون 2021 16:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2021ء) رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان (ریپ)نے یورپی یونین کی عدالت میں پاکستان اور بھارت کے باسمتی چاول کے حقوق کے کیس سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مختلف خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے بتایا ہے کہ یورپی یونین میں اس کیس کے معاملات پر درست پیش رفت ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان اپنے تمام ممبران رائس ایکسپورٹرز اور باسمتی چاول کے تمام سپلائی چین کو یقین دہانی کرانا چاہتی ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے ریپ وزارت تجارت حکومت پاکستان کے تعاون سے اوربین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرین قانون کے ہمراہ اس قانونی جنگ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی ہوئی ہے ۔

ریپ اس سلسلے میں وزارت تجارت حکومت پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کرتی ہے ۔ چیئرمین ریپ نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس کیس کی بین الاقوامی قانونی پیچیدگیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسو سی ایشن اپنے سینئر اور تجربہ کار ممبران پر مشتمل ٹیم اور قانونی ماہرین کے مشورے کے مطابق ہی با ضابطہ طور پر جو آفیشل پریس ریلیز جاری کرے اسی کو ایسو سی ایشن کا تصدیق شدہ مو قف سمجھا جائے۔