بے گناہ مقتولین کو انصاف دلانے کیلئے کینینڈین وزیر خارجہ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے ، مخدوم شاہ محمود قریشی

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے مثبت ردعمل کا خیر مقدم کرتے ہیں، چوہدری محمد سرور سے بات چیت

جمعہ 11 جون 2021 22:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بے گناہ مقتولین کو انصاف دلانے کیلئے اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے تدارک کیلئے میری کینیڈا کے وزیر خارجہ کے ساتھ مفصل بات چیت ہوئی ۔ انہوں نے مکمل انصاف کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے ان سے یہاں ملاقات کی ۔

دوران ملاقات فلسطین امن سفارتی مشن، اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر پنجاب نے مظلوم فلسطینیوں پر جاری منظم مظالم کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے اور فلسطین امن سفارتی مشن کی کامیابی پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی نڑاد خاندان کے بے قصور افراد کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بے گناہ مقتولین کو انصاف دلانے کیلئے اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے تدارک کیلئے میری کینیڈا کے وزیر خارجہ کے ساتھ مفصل بات چیت ہوئی۔ کینیڈین وزیر خارجہ نے مقتولین کو انصاف کی مکمل فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے، اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف عالمی سطح پر پاکستان کے ساتھ مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کا عندیہ دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے مثبت ردعمل کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ کینیڈا میں ہمارا سفارت خانہ، مقتولین کے اہل خانہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا اسلاموفوبیا اور نفرت آمیز بیانیے کی بیخ کنی کیلئے عالمی سطح پر موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے - گورنر پنجاب نے مغربی ممالک میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے تدارک کیلئے وزیر خارجہ کی جانب سے کی جانے والی موثر کاوشوں کی تعریف کی