بجٹ کی منظوری، حکومت کو بڑی حمایت حاصل ہو گئی

ق لیگ نے تحفظات کے باوجود مرکز اور پنجاب میں بجٹ پاس کرانے کے لیے حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 14 جون 2021 16:29

بجٹ کی منظوری، حکومت کو بڑی حمایت حاصل ہو گئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 جون 2021ء ) بجٹ کی منظوری، حکومت کو بڑی حمایت حاصل ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی اتحادی جماعت ق لیگ نے بجٹ کی منظوری کے لیے حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ق لیگ نے تحفظات کے باوجود مرکز اور پنجاب میں بجٹ پاس کرانے کے لیے حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔ق لیگ نے اپنے فیصلے سے حکومت کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

ذرائع ق لیگ کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے ہم سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔حکومتی اتحادی ہونے کے ناطے بجٹ منظوری میں ساتھ دیں گے۔ق لیگ نے مزید کہا کہ ترقیاتی فنڈز اور افسروں کی تقرریوں کے معاملے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔چوہدری پرویز الہیٰ تمام صورتحال سے عثمان بزدار کو بھی آگاہ کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اپوزیشن نے بھی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے اعلان کیا ہے کہ بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے۔نبیل گبول نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے ہم نے تمام ہوم ورک مکمل کرلیا ہے کیوں کہ ہم کسی صورت بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے۔ نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اپوزيشن کی صحيح گنتی ہوئی تو بجٹ پاس نہيں ہوسکتا اور اگر حکومت کی طرف سے بجٹ پاس کروانے کے لیے غلط گنتی کی گئی تو اس کا رد عمل سڑکوں پر ہوگا۔

جبکہ صوبہ پنجاب کے بجٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی اپوزیشن کی حکمت عملی ناکام ہوتی دکھائی دینے لگی ، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی، جس کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں میاں جلیل احمد شرقپوری، چوہدری اشرف علی انصاری، محمد غیاث الدین، محمد فیصل خان نیازی، رئیس نبیل احمد، غضنفر عباس ، اظہر عباس چانڈیا ، سید عباس علی شاہ، طاہربشیر چیمہ، یونس انصاری اور مسعود مجید شامل تھے ، ملاقات میں اراکین اسمبلی نے شانداراقدامات تجویز کرنے پر وزیراعلیٰ کے ویژن کو سراہا ، اراکین نے سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں ، جس کے جواب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔