حکومتی بینچز والے میری نہیں سنتے، اسپیکر قومی اسمبلی

میں آپ کی مدد نہیں کر سکتا،اپوزیشن لیڈر کو تقریر کے لیے بہترین ماحول نہیں دے سکتا۔اسد قیصر کا لیگی اراکین اسمبلی کے سامنے بےبسی کا اظہار

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 15 جون 2021 16:02

حکومتی بینچز والے میری نہیں سنتے، اسپیکر قومی اسمبلی
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین، 15جون 2021) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی قومی اسمبلی میں تقریر کے دوران حکومتی ارکان نےتقریر میں شورشرابہ شروع کردیا تھا۔جس کے بعد لیگی رہنما ایاز صادق اور مرتضیٰ جاوید نے اسپیکر قومی اسمبلی کو کل اپنا شکوہ پہنچایا تھا،تاہم اسد قیصر کے جواب نے اپوزیشن کو مایوس کر دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پاکستان مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی کے آگے بے بسی کا اظہار کر دیا۔

اسد قیصر نے کہا کہ میں آپ کی مدد نہیں کر سکتا،حکومتی بینچز والے ہماری نہیں سنتے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو تقریر کے لیے مناسب ماحول نہیں دے سکتا۔میرے اوپر تو وزراء کی جانب سے دباؤ ڈالا جاتا ہے کہ آپ اپوزیشن کو کچھ نہیں کہتے۔اسد قیصر نے کہا کہ میں دونوں اطراف سے بے بس ہوں اس لیے شہباز شریف کو اسی شور و غل میں قومی اسمبلی میں تقریر کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسری جانب اپوزیشن نے شہباز شریف کی تقریرروکنے پر حکومت اراکین پر سخت تنقید کی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اور نگزیب نے کہاہے کہ وزراء شہباز شریف کی دو لائنیں نہیں سن سکے ، ابھی تو پوری بجٹ تقریر پڑی ہے ،صبح سے کرائے کے ترجمانوں کی بوکھلاہٹ جاری ہے،وزیراعظم ہائوس میں بیٹھ کر ترجمانوں کو بلاکر بتایا جاتا ہے شہباز شریف کو تقریر نہیں کرنے دینی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان کی عوام نے دیکھا جس وقت قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجٹ تقریر شروع کی،شہبازشریف نے صرف تین لائین بولیں تھی ،وزرا یہ دولائنیں نہیں سن سکے ابھی تو پوری بجٹ تقریر پڑی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جھوٹ کے پلندے بجٹ پر شہباز شریف نے کہا جب عوام کی جیب خالی ہے تو بجٹ جعلی ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہباز شریف نے کہا کہ یہ بجٹ بنی گالہ کے محلات اے ٹی ایم کارٹل اور مافیا کیلئے بنایا گیا ،صبح سے کرائے کے ترجمانوں کی بوکھلاہٹ جاری ہے،وزیراعظم ہائوس میں بیٹھ کر ترجمانوں کو بلاکر بتایا جاتا ہے کہ شہباز شریف کو تقریر نہیں کرنے دینی۔