ایف آئی اے نے شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں 22جون کو طلب کرلیا

منگل 15 جون 2021 16:26

ایف آئی اے نے شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں 22جون کو طلب کرلیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) ایف آئی اے نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں 22جون کو طلب کرلیا۔ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے 22 جون کو میاں شہباز شریف کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے اس حوالے سے دستاویزات ساتھ لانے کو کہا ہے۔ شہباز شریف پر رمضان شوگر ملز اور العربیہ شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف اور ان کی فیملی پر 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ، چینی کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور سٹہ بازی کے بھی الزامات ہیں۔ طلبی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کو دو دفعہ سوالنامہ بھجوایا گیا مگر آپ نے جواب نہیں دیا۔ دسمبر 2020 میں ایف آئی اے کی ٹیم نے 5 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ دیا تھا۔ پھر جنوری 2021 میں آپ کو یاد دہانی کرائی گئی، تو آپ نے کہا کہ عطا تارڑ آپ کے جوابات جمع کروائیں گے مگر جواب جمع نہیں ہوئے۔نوٹس کے مطابق جیل میں بھی ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم شہباز شریف سے تفتیش کے لیے گئی مگر تسلی بخش جواب نہیں دیے گئے، اس لیے اب وہ 22 جون کو تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوکر ان سوالات کے جواب دیں۔