کورونا وائرس کے دوران حاملہ خواتین کے لئے چند بنیادی پروٹوکول

منگل 15 جون 2021 23:13

کورونا وائرس کے دوران حاملہ خواتین کے لئے چند بنیادی پروٹوکول
کورونا وائرس کے وبائی مرض کی وجہ سے، حاملہ ماؤں کو اپنی اور اپنے ہونے والے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے بہت سارے خدشات کا سامنا ہے۔ مستند معلومات کے ذریعے حاملہ خواتین کے سوالات کے مؤثر جوابات دے کر ان کی بہت سی غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکتا ہے۔ اسی مناسبت سے، ہم نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے پاس دستیاب معلومات کی بنیاد پر دنیا بھر سے حاملہ خواتین کے پوچھے جانے والے سوالات کی ایک فہرست مرتب کی ہے۔


کیا حاملہ خواتین کو کوویڈ 19 سے زیادہ خطرہ ہے؟
ان حاملہ خواتین میں کورونا وائرس کی شدید علامات ظاہر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جو نسبتاً، زیادہ وزن کی حامل ہوں یا پہلے سے موجود طبی مسائل (جیسے کہ ہائی بلڈ پریشر یا ذیابیطس) میں مبتلا ہوں۔ حمل کے دوران خواتین کو شدید جسمانی اور مدافعتی بدلاؤ کا سامنا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کی وجہ سے کورونا وائرس میں مبتلا حاملہ خواتین میں سانس کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔


کورونا وائرس کے دوران بچے اور ماں کو کیسے محفوظ رکھا جا سکتا ہے؟
حاملہ خواتین کے لیے کوویڈأ۱۹ سے بچاؤ کے طریقہ کار کم و بیش وہی ہیں جو باقی افراد کے لیے ہیں، جن میں کم از کم 20 سیکنڈ تک صابن اور پانی سے ہاتھ دھونا، ماسک پہننا اور معاشرتی اجتماعات سے اجتناب کرنا شامل ہیں۔ ان معمول کے پروٹوکولز کے علاوہ، دوران حمل خواتین کا اپنی ڈاکٹر کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنا بہت اہم ہے۔

تاہم وباء کے دوران ڈاکٹر سے مشاورت کے لیے ہر مرتبہ ہسپتال کا رخ کرنے کے بجائے ٹیلی میڈیسن جیسی سہولیات کا استعمال کرنا بہتر ہے۔
کیا کورونا وائرس حاملہ ماں سے اسکےہونے والے بچےمیں منتقل ہو سکتا ہے؟
ابھی تک ایسے شواہد نہیں ملے جن کی وجہ سے یہ ثابت ہو پائے کہ کورونا وائرس، ماں سے جنم لینے والے بچے میں منتقل ہو سکتا ہے۔ تاہم اس ضمن میں ابھی بھی تحقیق جاری ہے۔


کیا حاملہ خواتین کو کورونا وائرس کا تشخیصی ٹیسٹ کرانا چاہیے؟
حاملہ خواتین کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ صرف اسی صورت میں کروانا چاہیے کہ جب ان میں کورونا کی علامات ظاہر ہونے لگیں یا انکا کورونا میں مبتلا کسی شخص کے ساتھ سامنا ہوا ہو۔ ایسی صورت میں بھی پہلے ڈاتٹر کا مشورہ لینا ضروری ہے۔
کیا کورونا میں مبتلا ماؤں کو صرف سی سیکشن کے ذریعے ہی بچے کو جنم دینا چاہئے؟
نہیں، معمول کے مطابق، ہر کیس کا انفرادی جائزہ لینا ضروری ہے اور کوئی بھی فیصلہ ماں کی اپنی ترجیحات اور ڈاکٹر کے مشورے کو سامنے رکھتے ہوئے کرنا چاہیے۔


کیا مشتبہ یا تصدیق شدہ کورونا وائرس کی حامل مائیں اپنے نوزائیدہ بچوں کو چھوسکتی ہیں؟
نومولود بچے کے ساتھ جسمانی رابطہ اور اُس کو ماں کا دودھ پلانا بچے کی نشو و نماء کے لیے انتہائی اہم ہے ۔ تاہم، مشتبہ یا تصدیق شدہ کورونا وائرس کی حامل ماؤں کو اپنے بچے سے کسی بھی قسم کے رابطے کے دوران ہمیشہ میڈیکل ماسک پہننا چاہیے اوراپنے ہاتھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔

کورونا وائرس کے وبائی مرض کے دوران محفوظ رہنے کے طریقوں کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کے لیے "کوویڈ فری پاکستان" کی مہم کو فیس بک، ٹویٹر، انسٹاگرام، یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر فالو کریں ۔