امریکی اپیل کورٹ نے خالد شیخ محمد کا پلی بارگین معاہدہ منسوخ کر دیا

بائیڈن انتظامیہ کے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے پچھلے سال اس معاہدے کو منسوخ کیا تھا‘جس کے بعد مجرم کے وکیل نے اپیل کورٹ سے رجوع کیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 12 جولائی 2025 14:52

امریکی اپیل کورٹ نے خالد شیخ محمد کا پلی بارگین معاہدہ منسوخ کر دیا
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 جولائی ۔2025 )امریکی اپیل کورٹ نے نائن الیون کے مرکزی مشتبہ مجرم خالد شیخ محمد کے ساتھ ہونے والے پلی بارگین معاہدے کو منسوخ کر دیاہے جس کے تحت انہیں سزائے موت سے بچایا جانا تھا اور اس کے ذریعے ان کے کیس سے جڑی طویل قانونی کارروائی کو انجام تک پہنچایا جا سکتا تھا. امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ معاہدہ 2001 کے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے کچھ لواحقین میں غصے کا باعث بنا تھا جس کے بعد اس وقت کے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اسے گزشتہ سال منسوخ کر دیا تھا.

(جاری ہے)

لائیڈ آسٹن کا کہنا تھا کہ متاثرین کے خاندانوں اور امریکی عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمات کی کارروائی دیکھی جائے خالد شیخ محمد کے ساتھ ساتھ 2 دیگر مبینہ ساتھیوں (ولید بن عطاش اور مصطفیٰ الحوساوی) کے ساتھ پلی بارگین معاہدے گزشتہ سال جولائی میں طے پائے تھے یہ فیصلہ ایسا معلوم ہوتا تھا، جیسے یہ مقدمات برسوں کی پیشگی قانونی چالوں کے بعد حل کی طرف بڑھ رہے ہوں، جب کہ ملزمان اب بھی کیوبا میں گوانتانامو بے کی فوجی جیل میں قید تھے.

لائیڈ آسٹن نے معاہدے کے اعلان کے 2 دن بعد انہیں منسوخ کر دیا اور کہا کہ اس اہم معاملے کا فیصلہ ان کے اختیار میں ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں، ہمارے فوجی جوانوں اور امریکی عوام کو یہ موقع ملنا چاہیے کہ وہ ان مقدمات میں فوجی کمیشن کے ٹرائل ہوتے دیکھ سکیں.