شہباز شریف کی صدر آصف علی زرداری سے استعفیٰ لیے جانے کی تردید

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کبھی صدر بننے کی خواہش ظاہر کی اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے.وزیراعظم کی نجی ٹی وی سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 12 جولائی 2025 14:53

شہباز شریف کی صدر آصف علی زرداری سے استعفیٰ لیے جانے کی تردید
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 جولائی ۔2025 )وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے استعفیٰ لیے جانے یا آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے صدر بننے کی خواہش سے متعلق تمام افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور قیاس آرائی پر مبنی قرار دیا ہے. نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کبھی صدر بننے کی خواہش ظاہر کی اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے انہوں نے زور دے کر کہا کہ صدر آصف علی زرداری، جنرل عاصم منیر اور وہ خود، تینوں کے درمیان تعلقات باہمی احترام اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں.

(جاری ہے)

وزیرا عظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ میڈیا کے بعض حلقوں میں صدر آصف علی زرداری کے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے وزیراعظم کی یہ وضاحت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے” ایکس“ پر بیان جاری کرتے ہوئے صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کیخلاف چلائی جانے والی مہم کو ”منظم سازش“ قرار دے کر اس کی شدید مذمت کی ہے.

عسکری قیادت کے قریب سمجھے جانے والے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمیں بخوبی علم ہے کہ اس منظم مہم کے پیچھے کون ہے، میں واضح کر چکا ہوں کہ صدر سے استعفیٰ لینے یا چیف آف آرمی اسٹاف کے صدر بننے کے بارے میں کوئی بات ہوئی ہے اور نہ ہی ایسی کوئی سوچ موجود ہے.