اینٹی کرپشن کی کارروائیاں،ایک نائب تحصیلدار ، دو انسپکٹرز اور دو پٹواریوں سمیت متعدد کرپٹ سرکاری افسران رشوت لیتے ہوئے گرفتار

جمعرات 17 جون 2021 13:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) اینٹی کرپشن نے مختلف کارروائیوں کے دوران ایک نائب تحصیلدار ، دو انسپکٹرز اور دو پٹواریوں سمیت متعدد کرپٹ سرکاری افسران کورشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کی ہدایات پر لاہور ، راولپنڈی ، سرگودھا ، لیہ اور ڈی جی خان میں اینٹی کرپشن کی کامیاب کاروائیاں کی گئیں ۔

سرکل آفیسر سرگودھا نے انسپکٹر پنجاب انڈسٹریز اینڈ کامرس عبدالرزاق کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم نے مدعی سے 12 ہزار رشوت وصول کی۔ جامہ تلاشی کے دوران ملزم انسپکٹر عبدالرزاق سے 57,300 روپے بھی برآمدکرلئے گئے ۔سرکل آفیسر میانوالی نے محکمہ مال کا نائب تحصیلدار محمد الیاس کورشوت لیتے گرفتار کر لیا۔ ملزم محمد الیاس سے نشان زدہ 30 ہزار برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

سرکل آفیسر راولپنڈی نے تھانہ ائیرپورٹ راولپنڈی سے سب انسپکٹر محمد شجاع کو گرفتار کر لیا۔ ملزم محمد شجاع کو دس ہزار روپے رشوت سمیت گرفتار کیا گیا۔ لاہور ریجن بی نے کاروائی کرتے ہوئے جعلی اشٹام فروش محمد رمضان کو گرفتار کر لیا۔ محمد رمضان ولد چراغ دین جعلی اشٹام پر جعلی معاہدے بناتا تھا۔ لاہور ریجن بی کے سرکل آفیسر محمد رضوان نے ننکانہ سے محکمہ مال کے پٹواری کوگرفتار کر لیا۔

پٹواری شاہد محمود کو عدالت پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی تھی۔اینٹی کرپشن ڈی جی خان نے پٹواری محمد نواز انجم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کو مقدمہ نمبر 2/21میں قبل از گرفتاری ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ سرکل آفیسر لیہ نے محمد طفیل وثیقہ نویس کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کو مقدمہ نمبر 5/21 میں گرفتار کیا گیا۔