سکولز مالکان والدین کو نئے تعلیمی سال کیلئے کورس اوریونیفارم کسی خاص مقام سے خریدنے کا پابند نہ کریں،ڈائریکٹرجنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز

جمعرات 17 جون 2021 16:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے کراچی سمیت صوبے بھر کے تمام نجی تعلیمی اداروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکولز مالکان والدین کو نئے تعلیمی سال کیلئے کورس کی کتابیں،کاپیاں ،اسٹیشنری یا یونیفارم اسکول یا کسی خاص مقام سے خریدنے کا پابند نہ کریں اور نجی اسکولوں میں مختلف ڈے منانے کے نام پر کوئی غیر قانونی فیس وصول نہ کی جائے بصورت دیگر ہدایات پرعملدر آمد نہ کرنے اورغیر قانونی فیس وصول کرنیوالے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ڈائریکٹوریٹ پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز نے اس ضمن میں ڈپٹی ڈائریکٹر کی سربراہی میں شکایتی سیل بھی قائم کر دیا ہے جہاں والدین اپنی شکایات تحریری طور پر شناختی کارڈ اور موبائل نمبر کیساتھ درج کرا سکیں گے تاکہ ان کی شکایت کا فوری ازالہ کیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے کہا کہ سندھ کے تمام نجی تعلیمی اداروں کو 25مئی2021اور10مارچ2020کو گشتی مراسلے جاری کئے تھے جس میں ان اسکولوںکی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی تھی کہ سالانہ امتحانات کے نتائج کیساتھ تمام نجی تعلیمی ادارے بچوں کو درکار کتابیں ،کاپیاں ،اسٹیشنری اور یونیفارم وغیرہ کی فہرست فراہم کریں تاکہ والدین اپنی مرضی سے ان اشیاکو خرید سکیں ،نجی تعلیمی ادارے والدین کو کسی مخصوص مقام یا اسکول سے ان اشیاکو خریدنے کا پابند نہ کریں اورمختلف ڈے منانے کیلئے مختلف ناموں سے کوئی غیر قانونی فیس وصول نہ کی جائے جبکہ نجی تعلیمی ادارے طلبہ سے صرف منظور شدہ فیس وصول کرنے کے پابند ہے غیر قانونی فیس وصول کرنیوالے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

انہوں نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو مزید ہدایات جاری کیں کہ وہ ڈائریکٹوریٹ سے منظور شدہ فیس اسکول کے نوٹس بورڈ پر آویزا ں کریں تاکہ والدین کو علم ہو سکے کہ انہیں کتنی ماہانہ فیس ادا کرنی ہے ۔اس سلسلے میں ڈائریکٹویٹ پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے اپنے دفتر میں ڈپٹی ڈائریکٹر رفیع الدین دکھن کی سربراہی میں شکایتی سیل بھی قائم کر دیا ہے جہاں پر والدین اپنی شکایات تحریری طور پر شناختی کارڈ اور موبائل نمبر کیساتھ درج کرا سکتے ہیں ان کی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے گا اسی طرح سندھ بھر کے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو بھی ہایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ ریجن میں اس حوالے سے شکایتی مرکز قائم کریں جو شکایت ملنے پر ایسے نجی تعلیمی اداروں کا دورہ کر کے خلاف ورزی کے مرتکب اداروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کرے ،کمیٹی کی رپورٹ ڈائریکٹر جنرل ایسے اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں گے تاکہ والدین کو سہولت مل سکے ۔

متعلقہ عنوان :