صوبہ کے عوام کو اُن کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی اُن کی اولین ترجیح ہے ،سردارخادم حسین وردگ

کوئٹہ شہرمیں نئے گرڈکے قیام کے سلسلے میں پی سی ون بھی تیار کیاجائے گا، بورڈ آف ڈایئر یکٹر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی

جمعرات 17 جون 2021 22:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے بورڈ آف ڈایئر یکٹر اورچیئرمین ریکوری سردارخادم حسین وردگ نے کہا ہے کہ صوبہ کے عوام کو اُن کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی اُن کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے ہماری حکومت حتی الوسع کوششیں کررہی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوںنے کیسکوہیڈکوارٹرمیں ایک بریفنگ کے دوران کیا۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین کیو ڈی اے مبین خان خلجی، پراجیکٹ ڈائریکٹر( کنسٹرکشن )کیسکو کلیم اللہ جوگیزئی ، سپرنٹنڈنگ انجینئرکیسکوناصرمندوخیل ، ایکسئن (آر ای ڈی) کرم بخش بادینی اور ڈائریکٹرکمرشل سید محسن شاہ کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجودتھے۔ اس موقع پرسردارخادم حسین وردگ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی کوشش ہے کہ بلوچستا ن میں زیادہ ترقی ہوں اور یہاں کے عوام کو اُن کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ بات سب پر عیاں ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سب سے زیادہ دورے صوبہ بلوچستان کے کئے ہیں اور صوبہ میں ترقی کے حوالے سے اُن کی ذاتی دلچسپی کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ 66kvسورینج گرڈکی 132kvمیں اپ گریڈیشن کے لئے محکمہ توانائی حکومت بلوچستان کے زریعے کیسکوکو تحریری طورپر مراسلہ جاری کیاجائے گا علاوہ ازیں کوئٹہ شہرمیں نئے گرڈکے قیام کے سلسلے میں پی سی ون بھی تیار کیاجائے گا۔

سردارخادم حسین وردگ نے کہاکہ بلاشبہ ان نئے منصوبوںکے قیام سے شہرکے فیڈروں پر لوڈکے دبائو میں کمی آنے کے علاوہ دوسری طرف مستحکم وولٹیج کے ساتھ صارفین کو بجلی کی دستیابی ممکن بنائی جاسکے گی۔کیسکوکے بورڈآف ڈائریکٹرنے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری ہیں جس میں بنیادی سہولت بجلی کی فراہمی شامل ہے۔اجلاس میںرکن صوبائی اسمبلی وًچیئرمین کیو ڈی اے مبین خان خلجی نے کہا کہ کوئٹہ شہرمیں بجلی کے مسائل کے حل کیلئے کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں تاکہ بجلی سے متعلق شکایات میں کمی لاکر عوام کو مزید سہولیات دئیے جائیں۔

انہوںنے کہاکہ شہرکے گنجان آبادی والے علاقوںمیںاوورلوڈڈ فیڈروں کی بائی فرکیشن کاکام جلد مکمل کیاجائے تاکہ جناح ٹاون، ائیرپورٹ روڈ،کلی شابو، نواںکلی، پشتون آباد ،مشرقی بائی پاس،ہزارہ ٹاون کے صارفین کو ریلیف مل سکے۔قبل ازیں پراجیکٹ ڈائریکٹرکنسٹرکشن کلیم اللہ جوگیزئی اور ایکسئن آر ای ڈی کرم بخش بادینی نے کیسکوبورڈآف ڈائریکٹر اور رکن صوبائی اسمبلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ کوئٹہ شہرمیں اوورلوڈڈ اور ٹرپنگ جیسے مسائل پر قابوپانے کیلئے ترقیاتی کام تکمیل کے مراحل میں ہے انہوںنے کہاکہ صارفین کے بجلی سے متعلق مسائل کے حل کیلئے کیسکوخود حکومت پاکستان سے قرضہ لے کر اِن منصوبوںکو پایہ تکمیل تک پہنچارہی ہے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن نے کہاکہ کوئٹہ شہرمیں نئے فیڈروں کے قیام کے علاوہ 11کے وی عمر، ہزارہ ٹاون،عالم خان،اولڈپشتون آباد، سعد اللہ، کرانی، اولڈسیٹلائٹ ٹاون اور نیو پشتون آبا د فیڈروں کی بائی فرکیشن کاکام تکمیلی مراحل میں ہے ان منصوبوںکی تکمیل سے بلاشبہ کوئٹہ شہرمیں کم وولٹیج کے مسائل کو دورکرکے مستحکم بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے گا۔علاوہ ازیں نواں کلی،سگار، اولڈمحمدحسنی اورنیو محمدحسنی فیڈورںکی انٹرلنکنگ کاکام بھی مکمل کیاجاچکاہے ۔ کلیم اللہ جوگیزئی نے کہاکہ کوئٹہ شہرکے کچھ علاقوںمیں اہل علاقہ نے نئے فیڈروں کے کھمبوںکی تنصیب میں رکاوٹ ڈالے جس کی وجہ سے بجلی کے جاری ترقیاتی کام کی تکمیل میں تاخیر ہوئی۔