ہزاروں ریٹائرڈ اساتذہ کی جون کی پینشن جاری نہ ہونے کا خدشہ

انفرادی اکاؤنٹ نہ رکھنے والے اساتذہ کو جون کی پینشنز جاری نہیں ہوں گی ، جوائنٹ پینشن اکاؤنٹ رکھنے والے ہزاروں ریٹائرڈ اساتذہ کی پینشنز روکنے کا حکم دے دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 18 جون 2021 14:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 جون 2021ء ) ہزاروں ریٹائرڈ اساتذہ کی جون کی پینشن جاری نہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ، جوائنٹ پینشن اکاؤنٹ رکھنے والے ہزاروں ریٹائرڈ اساتذہ کی پینشنز روکنے کا حکم دے دیا گیا ، جس کی بناء پر جوائنٹ پنشن اکاؤنٹ رکھنے والے ہزاروں ریٹائرڈ اساتذہ کو جون کی پینشن جاری نہیں ہوگی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن نے پینشن کے حصول کے لیے اساتذہ کو انفرادی اکاؤنٹ کھولنے کا حکم دے دیا، اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ ریٹائرڈ اساتذہ فوری طور پر اپنا انفرادی اکاؤنٹ بنوائیں تاکہ ان کی پینشن بروقت ادا ہوسکے ، انفرادی اکاؤنٹ نہ رکھنے والے اساتذہ کو جون کی پینشنز جاری نہیں ہوں گی۔

دوسری طرف پنجاب حکومت نے تنخواہ اور پنش میں10 فیصد اضافہ کردیا ، 25 فیصد خصوصی الاؤنس کا بھی اعلان کیا گیا ہے ، پنجاب اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2021-22 کا مجموعی 2653 ارب کا بجٹ پیش کردیا گیا ، بجٹ میں ترقیاتی پروگرام کیلئے 560 ارب، تعلیم اور صحت کیلئے 205 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ، حکومت پنجاب نےتعلیم وصحت اور ترقیاتی پروگراموں کے ریکارڈ بجٹ مختص کردیا، ترقیاتی پروگراموں کیلئے 66 فیصد اضافے کے ساتھ 560 ارب رکھے گئے، 51 فیصد اضافے کے ساتھ محکمہ تعلیم کیلئے442 ارب روپے، اور 182 فیصد اضافے کے ساتھ صحت کیلئے 370 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پنجاب کا آئندہ مالی سال 2021-22 کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا ہے، بجٹ کے اہم نکات کے تحت آئندہ مالی سال کے بجٹ کا مجموعی حجم 2,653ارب روپے تجویز کیا جا رہا ہے جو رواں مالی سال سے 18فیصد زیادہ ہے ، آئندہ مالی سال میں وفاقی محصولات کی وصولی کا ہدف5,829ارب روپے ہے جس سے این ایف سی ایوارڈ کے تحت پنجاب کو1,684ارب روپے منتقل کیے جائیں گے جو رواں مالی سال کے مقابلہ میں 18%زیادہ ہوں گے ، صوبائی محصولات کے لیے405ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو رواں مالی سال کے مقابلے میں 28% زیادہ ہے۔ بجٹ میں جاری اخراجات کا تخمینہ1,428ارب روپے لگایا گیا ہے۔