شہداء پولیس میموریلT-20میچ ،سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے پنجاب ٹریفک کرکٹ ٹیم کو42رنز سے شکست دیدی

جمعہ 18 جون 2021 18:12

شہداء پولیس میموریلT-20میچ ،سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے پنجاب ٹریفک ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کی طرف سے لارنس کالج مری میں منعقد کیے جانے والے شہداء پولیس میموریلT-20میچ میں سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی کرکٹ ٹیم نے پنجاب ٹریفک کرکٹ ٹیم کو42رنز سے شکست دے دی۔ ڈی آئی ٹریفک پنجاب نے ٹریفک وارڈن احسان شاہ اور ٹریفک اسسٹنٹ عدنان کو مین آف دی میچ کا انعام دیا ۔

تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال کی طرف سے رضا شاہ کرکٹ سٹیڈیم لارنس کالج مری کے مقام پرسٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی اورپنجاب ٹریفک پولیس کی کرکٹ ٹیم کے مابین شہداء میموریلT-20کرکٹ میچ کھیلا گیا ۔سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پنجاب ٹریفک پولیس کی ٹیم کو193رنز کا ہدف دیا ۔

(جاری ہے)

پنجاب ٹریفک پولیس کرکٹ ٹیم مقررہ ہدف کے تعاقب میں17.1اوورز پرہی آئوٹ ہو گئی ۔

راولپنڈی ٹریفک پولیس کی طرف سے ٹریفک وارڈن احسان شاہ اور ٹریفک اسسٹنٹ عدنان نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئی51,51رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔مہمان خصوصی ڈی آئی جی ٹریفک عمران محمود نے جیتنے والی ٹیم اور مین آف دی میچ کو ٹرافی تقسیم کی۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہرنے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب عمران محمود کو یادگاری شیلڈبھی دی۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے سی ٹی او راولپنڈی کی طرف سے ٹریفک وارڈنز کے لیے اس طرح کی صحت مندانہ سر گرمی کے انعقاد پر خوشی کا اظہا ر کیاان کا کہنا تھا کہ ٹریفک وارڈن کی چھٹی اور ڈیوٹی کے بعداس طرح کی صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینا خوش آئند ہے اس طرح کی مثبت سرگرمیوں میں حصہ لے کر ہی تندرست و توانا رہا جا سکتا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھاٹریفک وارڈنزڈیوٹی کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں میں ضرور حصہ لیں نماز کی پابندی کریںاور دوران ڈیوٹی فرائض کی ادائیگی کے دوران عوام کی بہترین خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔