سابق بھارتی اولمپیئن ملکھا سنگھ کورونا کے باعث انتقال کرگئے

5 روز قبل ملکھا سنگھ کی اہلیہ بھی کورونا کے باعث چل بسی تھیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 جون 2021 11:26

سابق بھارتی اولمپیئن ملکھا سنگھ کورونا کے باعث انتقال کرگئے
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جون 2021ء ) بھارتی ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کورونا کے باعث چل بسے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے سابق اولمپیئن ملکھا سنگھ انتقال کر گئے ہیں ، 91 برس کے ملکھا سنگھ کورونا کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ ایک ماہ سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ملکھا سنگھ کے بیٹے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے والد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے والد کا انتقال ہو گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ملکھا سنگھ کا 19 مئی کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا ، جس پر انھوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا تاہم طبیعت خرابی پر انھیں 3 جون کو پی جی آئی ایم آر کے کوویڈ ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا جہاں کوویڈ19 کے ساتھ بہادری سے لڑائی کے بعد ملکھا سنگھ کا ٹیسٹ نیگیٹیو آیا تاہم کوویڈ کے بعد کی پیچیدگیوں کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 5 روز قبل ہی ملکھا سنگھ کی اہلیہ اور بھارتی والی بال ٹیم کی سابق کپتان نرمل کور کورونا کے باعث انتقال کر گئیں تھیں۔ واضح رہے کہ ملکھا سنگھ 1929ء میں پیدا ہوئے تھے ، ملکھا سنگھ کو ”دی فلائنگ سکھ“ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، وہ سابق بھارتی کھلاڑی ہیں ، انھوں نے پہلے بھارتی فوج اور پھر بھارت کی نمائندگی کی جب کہ کئی بین الاقوامی مقابلوں اور اولمپکس میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔