کرائم رپورٹنگ کرتے کرتے اداکارہ بن گئی، سدرہ نیازی

اب تک بہت کم کام کیا مگر اچھے کام کی وجہ سے کافی شہرت ملی ،لوگ آواز سے ہی پہچان لیتے ہیں،اداکارہ

ہفتہ 19 جون 2021 14:05

کرائم رپورٹنگ کرتے کرتے اداکارہ بن گئی، سدرہ نیازی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) اداکارہ سدرہ نیازی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اداکاری سے قبل صحافت میں تھیں اور وہ نامور کرائم رپورٹر بننا چاہتی تھیں مگر اداکاری میں آ گئی۔سدرہ نیازی نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں ایاز سموں، نوال سعید اور وسیم بادامی کے ساتھ شریک ہوئیں، جہاں تمام شخصیات نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق کھل کر باتیں کیں۔

سدرہ نیازی نے بتایا کہ انہوں نے صحافت میں تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور انہوں نے بطور صحافی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔اداکارہ کے مطابق وہ لاہور میں کسی نیوز چینل میں کرائم رپورٹنگ کرتی تھیں اور ان کی شروع سے ہی خواہش تھی کہ وہ صحافت میں ہی رہیں۔سدرہ نیازی نے بتایا کہ جب انہوں نے ایک سے دوسرے نیوز چینل میں جانا چاہا تو انہیں نیوز کاسٹنگ کی پیشکش کی گئی مگر انہوں نے انکار کردیا، کیوں کہ انہیں ہر وقت سکرین پر آنے کا شوق نہیں تھا۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے بتایا کہ صحافتی کیریئر کے دوران ہی ان کی ملاقات ہم ٹی وی کی مالک و ڈراما ڈائریکٹر سلطانہ صدیقی سے ہوئی، جن سے انہوں نے سکرپٹ پر کام کرنے سے متعلق تجویز مانگی تو سلطانہ صدیقی نے انہیں سکرین پر آنے کا مشورہ دیا۔سدرہ نیازی نے کہا کہ صحافت اور رپورٹنگ کرتے کرتے وہ پہلے ماڈلنگ کی دنیا میں داخل ہوئیں، پھر انہوں نے ایک جاننے والے ڈائریکٹر کی ٹیلی فلم ’لال‘ میں کام کیا، جس کے بعد وہ فلم ٹائم اداکارہ ہی بن گئیں۔

سدرہ نیازی نے کہا کہ اب تک بہت کم کام کیا ہے مگر انہیں اچھے کام کی وجہ سے کافی شہرت ملی ہے اور لوگ انہیں ان کی آواز سے ہی پہچان لیتے ہیں۔کرائم رپورٹنگ کا ایک واقعہ بتاتے ہوئے سدرہ نیازی نے بتایا کہ انہیں ایک بار کوٹ لکھپت جیل میں غیرت کے نام پر قتل کرنے والے ملزم کے انٹرویو کرنے کا موقع ملا اور وہ ان کا انٹرویو کرکے ڈر گئیں۔اداکارہ نے بتایا کہ مذکورہ ملزم نے غیرت کے نام پر دو بہنوں کو قتل کیا تھا اور وہ کئی سال سے جیل میں تھا مگر اسے کوئی شرمندگی نہیں تھی۔سدرہ نیازی نے اعتراف کیا کہ وہ حادثاتی طور پر اداکارہ بن گئیں مگر اب انہیں فیلڈ میں مزہ آ رہا ہے۔