راج کپور نے رشی کپور سے ایک فرضی شادی کروانے کا کہا، تاکہ میں بھارت میں سکون سے کام کر سکو لیکن میں نے انکار کردیا،اداکارہ سنگیتا

پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے فنی سفر کے دلچسپ اور حیرت انگیز واقعات سے پردہ اٹھادیا

پیر 20 اکتوبر 2025 12:32

راج کپور نے رشی کپور سے ایک فرضی شادی کروانے کا کہا، تاکہ میں بھارت ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2025ء) پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے فنی سفر کے دلچسپ اور حیرت انگیز واقعات سے پردہ اٹھایا ہے۔ گفتگو کے دوران انہوں نے ماضی کی کئی یادیں تازہ کیں، جن میں بھارتی فلم نگری کے مشہور چہروں سے وابستہ قصے بھی شامل تھے۔سنگیتا نے بتایا کہ بولی ووڈ کے لیجنڈری اداکار و فلم ساز راج کپور نے ایک فلمی میلے کے دوران انہیں بھارت میں کام کی پیشکش کی تھی۔

یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ تاشقند فلم فیسٹیول میں اپنی فلم کی نمائش کے لیے موجود تھیں۔ سنگیتا کے مطابق، راج کپور انہیں اپنی فلم پریم روگ میں کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔ تاہم اس دور میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستانی فنکاروں کے لیے بھارت جا کر کام کرنا آسان نہ تھا۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے انکشاف کیاکہ راج کپور نے رشی کپور سے ایک فرضی شادی کروانے کا کہا، تاکہ میں بھارت میں سکون سے کام کر سکو لیکن میں نے انکار کردیا۔

سنگیتا نے بتایا کہ اس وقت ان کی عمر بہت کم تھی۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں اپنے ملک میں ہی اچھی فلموں میں کام کرنا چاہتی تھی۔انٹرویو میں سنگیتا نے بھارتی ہدایتکار مہیش بھٹ کی جانب سے ملنے والی پیشکش کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مہیش بھٹ نے انہیں بھارت آ کر ایک فلم کی ہدایت کاری کی پیشکش کی تھی کہ کہانی اور میوزک سب تیار ہیں، آپ بس آ کر فلم ڈائریکٹ کر دیں، سنگیتا نے بتایا، لیکن میں نے انکار کر دیا کیونکہ میں بطور ڈائریکٹر اپنی پسند کی کہانی اور موسیقی پر کام کرنا چاہتی ہوں، نہ کہ کسی کے تیار کردہ منصوبے پر۔

سنگیتا نے کہا کہ انہیں ماضی میں کئی بار بھارت سے کام کی آفرز ملیں، مگر انہوں نے ہمیشہ پاکستان میں ہی کام کرنے کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا ہے کہ، میں نے ہمیشہ چاہا کہ میرا نام اور میری پہچان پاکستان کی فلم انڈسٹری سے وابستہ رہے۔