عثمان کاکڑ کی میت کراچی سے کوئٹہ پہنچا دی گئی ،تدفین کل مسلم باغ میں ہوگی

بدھ 23 جون 2021 00:08

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2021ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتون قومی سیاسی تحریک کے ممتاز رہنماء پارٹی کے مرکزی سیکرٹری وصوبائی صدر جنوبی پشتونخوا سابق سینیٹر شہید محمدعثمان خان کاکڑ کی جسد خاکی (میت) ایک جلوس کی صورت میں کراچی سے براستہ خضدار 22جون کو کوئٹہ پہنچ گئی ۔

صوبے کے جمہوری سیاسی پارٹیوں نیشنل پارٹی ، بلوچستان نیشنل پارٹی ، جمعیت علمائے اسلام ، عوامی نیشنل پارٹی ،پشتونخوامیپ ودیگر جمہوری پارٹیوں کے رہنمائوں ، کارکنوں، علماء کرام ، قبائلی مشرا ن اور صوبے کے عوام نے حب ، وندر، اوتھل ،لسبیلہ، وڈھ ، خضدار ، سوراب ، قلات ، کھڈکوچہ ، منگوچر ، مستونگ، لکپاس ٹنل او رکوئٹہ میں بہت بڑی تعدا د میں شہید رہنماء کی میت کے جلوس کا استقبال کیا اور عقیدت واحترام کے پھول نچاور کیئے گئے ۔

(جاری ہے)

مختلف مقامات پر مذکورہ بالا پارٹیوںکے رہنمائوں نے شہید محمد عثمان خان کاکڑ کو ملک کے محکوم اقوام ومظلوم عوام کے قومی جمہوری حقوق واختیارات کے حصول اور ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی ، پارلیمان کی بالادستی ،انسانی وشہری حقوق کی تحفظ ،قومی آزادی ، جمہوریت ، سماجی انصاف ، امن وترقی کیلئے تاریخی رول ادا کرنے اور پرافتخار قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔

مقررین نے کہا کہ شہید رہنماء نے فوجی آمریت ، انتہا پسندی ، فرقہ واریت او ردہشتگردی کی قوتوں کے خلاف اپنی زندگی میں عوامی اور پارلیمانی محاذوں پر موثر آواز اٹھائی اور جابر استعماری اور استبدادی قوتوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا شہید رہنماء نے محکوم اقوام وعوام کے حق میں جو تاریخی کردار ادا کیا ہے وہ قابل نافراموش ہیں۔ پشتونخوامیپ کے بیان میں اُن تمام سیاسی جمہوری پارٹیوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا گیا ہے جنہوں نے شہید محمد عثمان خان کاکڑکے غم میں پشتونخوامیپ کے ساتھ شرکت اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید رہنماء محمد عثمان خان کاکڑ جسد خاکی ( میت ) آج 23جون بروز بدھ کو صبح8بجے کوئٹہ سے ہندو باغ (مسلم باغ ) روانہ ہوگی اور راستے میں تمام اہم مقامات پر پشتونخوامیپ ، صوبے کی دیگر سیاسی جمہوری پارٹیوں کے رہنماء وکارکن اور علاقے کے عوام شہید رہنماء محمد عثمان خان کاکڑ کی جسد خاکی (میت ) کا نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ استقبال کرینگے اور محبت کے پھول نچاور کرینگے۔ شہید رہنماء کا نماز جنازہ او رتدفین کے مراسم ان کے آبائی شہر ہندو باغ (مسلم باغ ) میں بوقت شام 5بجے ادا کی جائیگی۔ اورشہید رہنماء کو فقید المثال قومی اجتماع میں ان کے تاریخی رول ، قربانیوں اور قومی خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کی جائیگی