فیصل آباد ‘ الائیڈ ہسپتال کی تمام مشینیں فعال ہیں‘ روزانہ کی بنیاد پر کرونا وائرس کے ایکسروں سمیت تمام ٹیسٹ کئے جارہے ہیں

الائیڈ ہسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی میں کرونا وائرس کے ایکسرے ٹیسٹ سمیت عام ایکسرے، سٹی سکین، ایم آر آئی وغیرہ کے روزانہ 1000 مریضوں کو سہولت مہیا کی جارہی ہے

جمعرات 24 جون 2021 13:13

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2021ء) الائیڈ ہسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی میں کرونا وائرس کے ایکسرے ٹیسٹ سمیت عام ایکسرے، سٹی سکین، ایم آر آئی وغیرہ کے روزانہ 1000 مریضوں کو سہولت مہیا کی جارہی ہے۔ الائیڈ ہسپتال کی تمام مشینیں فعال ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر کرونا وائرس کے ایکسروں سمیت تمام ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔ الائیڈ ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں روزانہ 200 الٹراساونڈ، 80 سٹی سکین، 60 ایم آر آئی، 400 ایکسرے کئے جارہے ہیں۔

شعبہ ریڈیالوجی کے انچارج ڈاکٹر عاصم شوکت نے ایک وضاحتی بیان میں بتایا ہے کہ ہسپتال میں داخل مریضوں کو طبی سہولتیں دیناہماری ذمہ داری ہے جس میں داخل شدہ مریضوں کے ڈیوٹی ڈاکٹر سے مجوزہ ایکسرے و الٹراساونڈ کرنا انتہائی اہم کام ہے جس میں کوئی غفلت نہیں برتی جا رہی۔

(جاری ہے)

معاشرے کے مختلف طبقات افواج پاکستان، پولیس، وکلاء،عدلیہ، اساتذہ، صحافیوں، سرکاری ملازمین کے لیے خصوصی اقدامات جبکہ ہر مریض کو وی آئی پی طریقہ سے ڈیل کیا جاتا ہے۔

الائیڈ ہسپتال میں الٹراساونڈ اور ایکسرے کا شعبہ فعال ہے۔ روزانہ سینکڑوں مریضوں کو ایکسرے اور الٹراساونڈ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس ضمن میں بعض اوقات ڈویژن بھر سے مریضوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے باری کا انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ جس میں ہسپتال انتظامیہ کا کوئی کردار نہیں۔ مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے شیڈز، آرام دہ نشستیں اور موسم کے مطابق ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود کسی کو شکایت ہو تو شعبہ ریڈیالوجی مریضوں اور ان کے لواحقین کی خدمت کیلئے ہمہ وقت حاضر ہے۔