چیف ٹریفک آفیسر کا ٹریفک نظام کا جائزہ لینے کیلئے حیات آباد کا دورہ

ٹریفک افسران اور وارڈنز کی بہتر کارکردگی کی تعریف' شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی‘چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت

جمعرات 24 جون 2021 23:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2021ء) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک نظام کا جائزہ لینے کیلئے حیات آباد کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈی ایس پی حیات آباد لیاقت خان بھی انکے ہمراہ تھے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک کی روانی اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف کی جانیوالی کارروائیوں کے نتیجے میں آنیوالی بہتری کا جائزہ لیا اور سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کلیئر کرنے پر ٹریفک افسران اور وارڈنز کی کارکردگی کی تعریف کی اسی طرح چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے جاری مہمات سیٹ بیلٹ اور بغیر ہیلمٹ کے ڈرائیونگ کرنے، کالے شیشوں کے استعمال اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کیخلاف کارروائی کا جائزہ لیا اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ جاری مہمات کے تحت کارروائیوں میں مزید تیزی لائیں اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ نرمی نہ برتی جائے، سٹی ٹریفک پولیس پشاور ہر صورت میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائیں اور پلازوں میں پارکنگ کو ہر صورت میں یقینی بنائیں تاکہ شہری سڑک کے کنارے گاڑیاں کھڑی نہ کرے جبکہ مرتکب افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ بلا تعطل ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کا عملہ شہر بھر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمداور تجاوزات کے خاتمے کیلئے آگاہی کا سلسلہ جاری رکھے کیونکہ اس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری شہر سے تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک عملے کے ساتھ تعاون کرے۔