علی ترین کو ایف آئی اے کا نوٹس، بینک اکاؤنٹس اور سرمایہ کاری کا ریکارڈ مانگ لیا

مقررہ وقت تک ریکارڈ فراہم نہ کرنے پرناراض پی ٹی آئی رہنماء جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کے اکاؤنٹس اور پراپرٹی کو منجمد کر دیا جائے گا۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 جولائی 2021 16:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 جولائی 2021ء ) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنماء حمزہ شہباز کے بعد پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں ان سے متعلقہ ریکارڈ طلب کیا گیا ، ایف آئی اے نے نوٹس میں علی ترین سے بینک اکاؤنٹس اور سرمایہ کاری کا ریکارڈ مانگا ہے جب کہ کاروبار کے لیے بینکوں یا فیملی ممبران سے جتنی رقم لی اس کا بھی ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مقررہ وقت تک ریکارڈ فراہم نہ کرنے پرعلی ترین کے اکاؤنٹس اور پراپرٹی کو بھی منجمد کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ آج ہی کے روز وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کو بھی اپنی اور خاندان کی تمام پراپرٹیز کی منی ٹریل دینے کے لیے نوٹس جاری کیا ، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے گاڑیوں، بینک اکاؤنٹس، شیئرز، جیولری، کیش اور پرائز بانڈز کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں ، ایف آئی اے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 30 دن کے اندر منی ٹریل دی جائے ورنہ کارروائی ہوگی ، تمام جائیدادوں کی منی ٹریل ایف آئی اے کو دیں اگر ایسا کرنے میں ناکام رہے تو جائیدادیں ضبط بھی کی جا سکتی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ جن جائیدادوں کی منی ٹریل مانگی گئی ہے ان میں 2013 ء اور 2014 ء میں بنایا گیا جوڈیشل کالونی ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں 10 کنال کا گھر، جوہر ٹاؤن میں 71 کنال اراضی اور چنیوٹ کے موضع دھروٹ میں 250 کنال زرعی اراضی بھی شامل ہے ، اس کے علاوہ شیف فیڈ ملز، مدینہ کنسٹرکشن کمپنی، مدنی ٹریڈنگ، شریف پولٹری فارمز، شریف ڈیری فارمز اینڈ ملک پروڈکٹس، رمضان شوگر ملز اور العربیہ شوگر ملز میں سرمایہ کاری اور خاندانی شیئرز کے حوالے سے تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔