زخمی حارث سہیل انگلینڈ کیخلاف سیریز سے باہر

ایم آر آئی سکین میں انکشاف ہوا مڈل آرڈر بیٹسمین گریڈ تھری ٹیئر کا شکار ہیں،4 ہفتے کا ری ہیب پروگرام تجویز، وطن واپس آکر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنے ری ہیب پروگرام کا آغاز کریںگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 8 جولائی 2021 11:13

زخمی حارث سہیل انگلینڈ کیخلاف سیریز سے باہر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 جولائی 2021ء ) مڈل آرڈ بلے باز حارث سہیل ہیمسٹرنگ انجری کے باعث انگلینڈ کیخلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ 31 سالہ حارث سہیل ہیمسٹرنگ انجری کے باعث انگلینڈ کیخلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ بدھ کو کیے جانے والے ایم آر آئی سکین میں انکشاف ہوا ہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین گریڈ تھری ٹیئر کا شکار ہیں۔ وہ گزشتہ ہفتے ڈربی میں ایک پریکٹس سیشن کے دوران اس انجری کا شکار ہوئے تھے۔

پی سی بی کے میڈیکل پینل نے حارث سہیل کو چار ہفتے کا ری ہیب پروگرام تجویز کیا ہےجسے مکمل کرنے پرمڈل آرڈر بیٹسمین کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا جائیگا۔ حارث سہیل اب وطن واپس آکر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ری ہیب پروگرام کا آغاز کریںگے۔ حارث سہیل کا کہنا ہے کہ وہ انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرکے قومی کرکٹ ٹیم میں اپنی جگہ مستقل بنانے کے منتظر تھے، انجری کے باعث انہیں اپنا دورہ مختصر ہونے پر افسوس ہے مگر اب وہ لاہور واپس پہنچ کر اپنے ری ہیب پروگرام کا آغاز کردیں گے تاکہ ڈومیسٹک سیزن 22-2021ء کیلئے خود کو تیار کرسکیں۔

(جاری ہے)

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز آج کارڈف سے ہوگا۔ قومی سکواڈ 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگا، جہاں اسے 5 ٹی ٹونٹی اور 2 ٹیسٹ میچز میں شرکت کرنا ہے۔