پاکستان میں مقامی طو رپر سبزیوں کے معیاری بیج پیدا کرنے کیلئے زرعی یونیورسٹی میں جاری سیڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے

تاکہ درآمدی بیجوں پر انحصار کم کرنے کی حکومتی پالیسی پر عملدرآمد کیلئے باصلاحیت اور ہنرمند افرادی قوت میدان عمل میں اتاری جا سکے

جمعہ 9 جولائی 2021 18:13

پاکستان میں مقامی طو رپر سبزیوں کے معیاری بیج پیدا کرنے کیلئے زرعی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی2021ء) پاکستان میں مقامی طو رپر سبزیوں کے معیاری بیج پیدا کرنے کیلئے زرعی یونیورسٹی میں جاری سیڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ درآمدی بیجوں پر انحصار کم کرنے کی حکومتی پالیسی پر عملدرآمد کیلئے باصلاحیت اور ہنرمند افرادی قوت میدان عمل میں اتاری جا سکے۔

یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر انس سرور قریشی نے گریجوایٹ سٹڈیزاینڈ ریسرچ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔ ڈاکٹر انس سرور قریشی نے کہا کہ ہرچند ملک میں درجنوں پرائیویٹ سیڈ کمپنیاں درآمدی بیج کومقامی پیکنگ کے ساتھ فروخت کر رہی ہیں جس میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جاتی تاہم زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پلیٹ فارم سے سیڈپروڈکشن کے پروگرام کو مضبوط بنیاد فراہم کی جائے گی تاکہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد برصغیر کی اولین زرعی درسگاہ کی حیثیت سے درآمدی بیجوں پر خرچ ہونیوالے کثیرزرمبادلہ کو بچانے کیلئے حکومتی ترجیحات میں عملی معاونت کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی معاونت سے یونیورسٹی میں کوالٹی سیڈ پروڈکشن کا میگاپراجیکٹ بھی جلد شروع کیا جا رہا ہے جس سے حکومتی کوششوں کو آگے بڑھانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ گریجوایٹ سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ نے کلیہ زراعت کے زیراہتمام کیب میں ایوننگ پروگرام کے تحت ایم فل بائیوٹیکنالوجی کی ڈگری شروع کرنے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے سب کیمپس بورے والا وہاڑی میں انٹومالوجی‘ پلانٹ بریڈنگ و جنیٹکس اور انوائرمنٹل سائنسزمیں ایم ایس سی (آنرز) کی ڈگریاں شروع کرنے کی بھی منظوری دی۔