انجینئر امیرمقام کی پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کے بارے میں وزیراعلی محمود خان کی گفتگو کی شدید مذمت

محمودخان عمران نیازی کی پیروی میں پختون روایات اور خواتین کے احترام کو بھول گئے ہیں ،وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان مریم اورنگزیب سے معافی مانگیں، صدر مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا

ہفتہ 10 جولائی 2021 00:17

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیرمقام کی پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کے بارے میں وزیراعلی محمود خان کی گفتگو کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمود خان نے ثابت کیا کہ وہ بے شرم وزیراعظم کے بے شرم وزیر اعلیٰ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محمودخان عمران نیازی کی پیروی میں پختون روایات اور خواتین کے احترام کو بھول گئے ہیں جس حکومت کو خیبرپختونخوا میں غریب اور کچے گھر نظر نہیں آتے، اس کے وزیراعلی کے خواتین کے بارے میں گفتگو کا سلیقہ بھی بھول گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی نظروں سے گر جانے والی حکومت اخلاقی معیار میں بھی انتہائی گرچکی ہے، ان کے رویے افسوسناک ہیں عمران نیازی کی صحبت میں رہ کر محمود خان بھی ویسے ہی ہوگئے ہیں ۔ایک خاتون کے بارے میں نازیبا گفتگو وزیراعلی کے منصب کے بھی شایان شان نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان مریم اورنگزیب سے معافی مانگیں۔