صوبائی حکومت صوبہ کے حقوق کے حوالے دعوئوں اور زبانی جمع خرچ کی بجائے صوبہ کے آئینی حقوق لینے میں ناکامی کی وضاحت کرے،سکندر حیات شیرپائو

اتوار 11 جولائی 2021 21:10

ص*پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2021ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا کے حقوق پر لاپرواہی کا مظاہرہ کر رہی ہے جس کی وجہ سے صوبہ کے عوام بجلی خالص منافع اور صوبے کے حصے کے پانی کے استعمال کی آمدن سے محروم ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبہ کے حقوق کے حوالے دعوئوں اور زبانی جمع خرچ کی بجائے صوبہ کے آئینی حقوق لینے میں ناکامی کی وضاحت کرے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ضلع ہری پور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی کی صوبائی وائس چیئرمین و سابقہ ایم پی اے ڈاکٹر فائزہ رشید،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل اور کیو ڈبلیو پی ضلع ہری کے چیئرمین و جنرل سیکرٹری نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ٹی آئی اور پی پی پی کے عہدیداروں اورسرکردہ کارکنوں محبوب الرحمان،طاہر خان،خادم حسین،عدنان حبیب،اکبر علی خان،عادل خان،سلمان خان،اسماعیل خان،عثمان شانی،فواد خان،محسن خان،مراد خان،قاسم علی،کالا خان،سرور سلطان،زیور الرحمان،عزیز الرحمان،طارق محمود،شہزاد خان،خورشید انور اور محمد نواز خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سکندر شیرپائو نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے مرکز سے دو ٹوک بات کرنے کی بجائے غفلت کی مرتکب ہو رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ مرکز کے ذمے بجلی خالص منافع کی مدمیں واجب الادااربوں روپے کے بقاجات ،اپنے حصے کے پانی کے استعمال کے چارجز اور صوبہ کے وسائل پر اختیار جیسے صوبائی معاملوں پر صوبائی حکومت مصلحت کا شکار ہو چکی ہے تاہم قومی وطن پارٹی صوبہ کے حقوق اور وسائل پر اختیارکیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی۔

انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں اور بجلی و گیس لوڈشیڈنگ کی بدولت وسائل سے مالا مال صوبہ پسماندگی کا شکار ہے،سرمایہ کاری نہیں ہو رہی ہے،صنعتیں بند اور تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں ماند پڑ جانے کی وجہ سے روزگار کے مواقع ختم ہو رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پوری قوم کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے اور ان کی سخت شرائط پر عمل پیرا ہوکر ملک میں مہنگائی کا طوفان مسلط کردیا ہے۔