حکومتی سرپرستی سے پاکستانی ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات چین کی مارکیٹ میں جگہ بنا سکتی ہیں‘ ریاض احمد

چینی خریداروں کو راغب کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ نمائشوں کا انعقاد کیا جانا چاہیے ‘ سینئر وائس چیئرمین کارپٹ ایسوسی ایشن

اتوار 18 جولائی 2021 12:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2021ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹر ز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ اگر حکومت توجہ مرکوزکرے اور رکاوٹیں دورکی جائیں تو پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات چین کی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا سکتی ہیں،چین کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے کی فہرست میں پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات کے شامل ہونے سے انڈسٹری کو تقویت ملے گی ،چینی خریداروں کو راغب کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ نمائشوں کا انعقاد کیا جانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان کی ترقی کا منصوبہ ہے خاص طو رپر سپیشل اکنامک زونز کے قیا م سے ہر طرح کی انڈسٹری کو عروج حاصل ہوگا،حکومت کو چاہیے کہ ان زونزمیں ہر طرح کی انڈسٹری کو موقع دیا جائے تاکہ ہم اربوں ڈالر کی برآمدات کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو سکیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات پوری دنیا میں اپنی پہچان رکھتی ہیں ، حکومت کو چاہیے کہ چین کے ساتھ بھی جوائنٹ ونچر کرے تاکہ ہماری انڈسٹری کو چین جیسی بڑی مارکیٹ میسر آ سکے ۔