یو بی جی رہنمائوں کی وزیراعظم عمران خان کو ازبکستان کے کامیاب دورے پر مبارکباد

دوطرفہ تجارتی ومعاشی تعلقات، مشترکہ منصوبوں کے فروغ کے لئے نئی راہیںکھلیں گی،ایس ایم منیر،افتخار ملک دوطرفہ تجارت بڑھے گی،، ازبکستان گوادر بندرگاہ اور پاکستان کی ممکنہ مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے،زبیرطفیل

پیر 19 جولائی 2021 19:01

یو بی جی رہنمائوں کی وزیراعظم عمران خان کو ازبکستان کے کامیاب دورے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،چیئرمین افتخار علی ملک چیئرمین ،صدر زبیر طفیل اوردیگر یو بی جی رہنمائوں و ممبران نے وزیر اعظم پاکستانعمران خان کو ازبکستان کے کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کی ہے۔یو بی جی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ازبکستان کے دورے سے دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات کے فروغ کے لئے نئی راہیں کھلیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے نے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے اعتماد کو بڑھانے کی راہ بھی ہموار کردی ہے جس کے نتیجے میں ان کے مابین باہمی رابطوں اور نیٹ ورکنگ کا نتیجہ نکلے گا۔ وزیراعظم عمران خان کے دورے پر مزید تبصرہ کرتے ہوئے یوبی جی رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کو وسطی ایشیائی ممالک خصوصا ترکمانستان ، قازقستان ، تاجکستان ، کرغزستان کے لئے ایک مئوثر راستہ سمجھتا ہے، دوطرفہ تجارت میں بہتری دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ہوگی کیونکہ پاکستان وسطی ایشیائی خطے میں 90 بلین امریکی ڈالر کی تجارتی صلاحیت کے حامل خطے میں داخل ہوسکتا ہے جبکہ ازبکستان گوادر بندرگاہ اور پاکستان کی ممکنہ مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

یو بی جی کی قیادت نے باہمی بنیادوں پر سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد ، بینکاری کی سہولت اور ریلوے رابطے کے آغاز کی ضرورت پر زور دیا جس سے تجارت میں توسیع ، کاروباری برادری کے مابین پائے جانے والے فرق کو ختم کرنے اور غیر روایتی اشیاء کو متعارف کرانے میں معاون ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ازبکستان او آئی سی ، ای سی او اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سرگرم رکن ہیں جہاں وہ معاشی تعلقات کو بڑھانے کے لئے مشترکہ کوششیں کر سکتے ہیں۔ انہوں نے دورے کے دوران بزنس کمیونٹی کے مابین انٹرایکٹو سیشنوں کے انعقاد پر وزارت تجارت اور ٹی ڈی اے پی کو بھی مبارکباد پیش کی۔