کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 23 فیصد تک جا پہنچی، شہر میں ہیلتھ ایمرجنسی نفاذ ہونے کا امکان

شہر قائد میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 92 فیصد سے متجاوز، سول اسپتال کراچی میں 48 بیڈ کے سرجیکل وارڈ کو کورونا وارڈ میں تبدیل کر دیا گیا، جناح اسپتال کے چیسٹ وارڈ کو بھی کورونا وارڈ میں بدلنے کی تیاریاں شروع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 19 جولائی 2021 22:07

کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 23 فیصد تک جا پہنچی، شہر میں ہیلتھ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 19 جولائی2021ء) کراچی میں کورونا کے خطرناک ڈیلٹا وئیرینٹ کی شرح 92 فیصد سے متجاوز، صرف 12 دنوں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 23 فیصد تک جا پہنچی، شہر میں ہیلتھ ایمرجنسی نفاذ ہونے کا امکان ظاہر کر دیا گیا- تفصیلات کےمطابق ڈاکٹروں اور ماہرین صحت نے حکومت سے کراچی میں کورونا کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے تیزی سے پھیلنے کے باعث ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کردیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 92 فیصد سے بڑھ چکی ہے۔ حکام کے مطابق سول اسپتال کراچی میں 48 بیڈ کے سرجیکل وارڈ کو کورونا وارڈ میں بدلا جارہا ہے، جناح اسپتال کراچی کے چیسٹ وارڈ کو بھی کورونا وارڈ میں بدلنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ پروفیسر انجم رحمان نے بتایا کہ لیاری جنرل اسپتال کے کورونا وارڈ میں بیڈز کی تعداد بڑھا رہے ہیں، شہر کے چند پرائیویٹ اسپتالوں میں جگہ خالی ہے لیکن مریض وہاں جانے کو تیار نہیں۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 92 فیصد سے بڑھ چکی ہے، ڈاکٹروں اور طبی عملے میں بھی کورونا وائرس انفیکشن کی شرح بڑھنے لگی ہے۔ شہر قائد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 23 اعشاریہ 32 فیصد ریکارڈ کی گئی، گزشتہ روز 4 ہزار 644 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے،جن میں سے 1083 میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں 24 گھنٹوں میں وائرس کی شرح 5 اعشاریہ 25 فیصد ریکارڈ کی گئی ،1094 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 61 افراد میں کورونا مثبت پایا گیا۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق سندھ کے دیگر اضلاع میں 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2اعشاریہ 06 فیصد ریکارڈ کی گئی۔صوبے کے دیگر اضلاع میں 8 ہزار 850 افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے،جن میں سے 182 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں مجموعی طور پر وائرس کے مثبت آنے کی شرح 8 اعشاریہ 54 فیصد ریکارڈ کی گئی، صوبے میں مجموعی طور پر 15 ہزار 908 ٹیسٹ میں سے 1359 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 18 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔