اسلام آباد ائیرپورٹ پر گارڈ کی ایمانداری اور فرض شناسی

لاوارث پاؤچ میں ملنے والے 9 ہزار کینڈین ڈالر اور اہم دستاویزات مسافر کو ڈھونڈ کر اس کے حوالے کردیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 جولائی 2021 17:45

اسلام آباد ائیرپورٹ پر گارڈ کی ایمانداری اور فرض شناسی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی2021ء) وفاقی دارالحکومت کے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ویجلینس گارڈ نے ایمانداری و فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے آنے والی قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 308 کے ذرایعے ایک مسافر زاہد محمد نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے تو اپنا پاؤچ وہیں پر بھول گئے جس میں 9 ہزار کینڈین ڈالر ، شناختی کارڈ اور اہم دستاویزات وغیرہ موجود تھیں ، اسی دوران ڈیوٹی پر موجود سول ایوی ایشن اتھارٹی ویجلینس گارڈ رضوان نے پاؤچ لاوارث پڑا دیکھا تو اسے اپنی حفاظتی تحویل میں لے لیا۔

بتایا گیا ہے کہ ویجلینس گارڈ نے فوری طور پر ڈیوٹی ٹرمینل مینجر کو پاأچ ملنے کی اطلاع کی اور ڈالرز سمیت تمام اشیاء ان کے حوالے کردیں جو کہ عملے کی جانب سے مسافر کو تلاش کرکے ضروری قانونی کاروائی کے بعد تمام اشیاء مسافر زاہد محمد کے حوالے کردی گئیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف کراچی کے علاقے سخی حسن کے قریب ٹریفک پولیس کے اہلکار علی مراد کو ایک پیسوں سے بھرا پرس ملا، جوکہ اس نے امانت کے طور پر رکھ لیا ، چند گھنٹوں بعد چند نوجوان اسے سڑک پر کچھ ڈھونڈتے ہوئے دکھائی دیے جس پر اس نے ان سے معلوم کیا تو انہوں نے بتایا کہ کچھ دیر پہلے وہ اس سڑک سے گزرے تھے تو ان میں سے ایک کا والٹ گرگیا تھا ، سپاہی علی مراد نے نوجوان سے پرس کے متعلق تصدیق کی اور بعد ازاں انہیں چوکی پر لے گیا اورسیکشن آفیسر (ایس او) کی موجودگی میں والٹ ان کے حوالے کردیا۔

نوجوان نے جب والٹ کھول کر دیکھا تو اس میں پوری رقم موجود تھی۔نوجوان نے سپاہی علی مراد سمیت چوکی پر موجود تمام ٹریفک پولیس اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ساتھ اس واقعے کی ویڈیو بھی بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی، نوجوان کا کہنا تھا کہ سپاہی علی مراد نے ایمانداری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی ہے، ایسے سپاہی محکمہ پولیس کے ماتھے پر جھومر ہیں، ایسے سپاہیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔