اوکاڑہ میں جھولے سے گر کر دو بہنیں جاں بحق ہو گئیں

بچیوں کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج، مقدمے میں نامزد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 24 جولائی 2021 13:24

اوکاڑہ میں جھولے سے گر کر دو بہنیں جاں بحق ہو گئیں
اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جولائی 2021ء) : اوکاڑہ میں جھولے سے گر کر دو بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق اوکاڑہ میں جھولے سے گر کر جاں بحق ہونے والی دونوں بچیاں بہنیں تھیں۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز جھولے سے گر کر آٹھ سالہ بچی جاں بحق ہوگئی تھی جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والی دوسری بچی نے آج اسپتال میں دم توڑا ہے۔پولیس نے جاں بحق بچیوں کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

مقدمہ جھولوں کے مالک حاکم علی،اللہ دتہ، عجب خان اور دو نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے اوکاڑہ میں جھولے سے دو بچیوں کے گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔اور اب اوکاڑہ واقعے کے مقدمے کے ملزم عجب خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے اوکاڑہ میں جھولے سے دو بچیوں کے گرنے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے کمشنرساہیوال ڈویژن اور آرپی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کرلی ہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واقعہ میں ایک بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیاہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق بچی کے لواحقین سے دلی ہمدردی وتعزیت کااظہار کیااور واقعہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے مزید کارروائی کی جائی-وزیراعلیٰ نے زخمی بچی کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اوکاڑہ میں جھولا گرنے سے دو چھوٹی بچیاں موت کے منہ میں چلی گئیں،پچھلے سال PSQCA نےبچوں کے جھولوں کی کوالٹی سرٹیفیکیشن لازمی قراردی تھی اگر اوکاڑہ کی انتظامیہ نےکوالٹی سرٹیفیکیٹ کےبغیر جھولےلگانے کی اجازت دی توDCکو گرفتار کرنا چاہئے اوراگر سرٹیفیکیٹ تھا توPSQCA کے ذمہ داران کو پکڑیں