پاکستان کے محمد اشفاق احمد ٹیکس معاملات میں بین الاقوامی تعاون سے متعلق ماہرین کی کمیٹی کا رکن نامزد

اقوام متحدہ کی ٹیکس کمیٹی مضبوط مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس پالیسیوں کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرتی ہے

ہفتہ 24 جولائی 2021 15:09

پاکستان کے محمد اشفاق احمد ٹیکس معاملات میں بین الاقوامی تعاون سے متعلق ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے محمد اشفاق احمد کو ٹیکس معاملات میں بین الاقوامی تعاون سے متعلق ماہرین کی کمیٹی کا رکن نامزد کردیا ہے ،اشفاق احمد کو چار سال کی مدت کے لیے کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان کی سفارش پر منتخب ہونے والے محمد اشفاق احمد دنیا بھر کے ان 25 نامور ماہرین ٹیکس کے گروپ میں شامل ہیں جو 2021 سے 2025 تک کمیٹی کے اراکین کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔

وہ اس وقت فیڈرل بورڈ آف ریو نیو میں بین الاقوامی ٹیکسز کے ڈائریکٹر جنرل ہیں۔اقوام متحدہ کی ٹیکس کمیٹی ممالک کو مضبوط مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس پالیسیوں کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرتی ہے، یہ پالیسیاں عالمی تجارت اور سرمایہ کاری سے ہم آہنگ ہو کر، تیزی سے ڈیجیٹلائز ہوتی معیشت اور ابتر ماحولیاتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی ممالک کو دوہرے یا متعدد ٹیکسیشن سے بچنے، نان ٹیکسیشن، ٹیکس بیس کو بڑھانے، ٹیکس انتظامات کو بہتر کرنے اور بین الاقوامی ٹیکس چوری کو ختم کرنے میں ان کی کوششوں میں معاونت فراہم کرتی ہے۔نئی کمیٹی کی ممبرشپ نے ٹیکس پریکٹیشنرز کو اکٹھا کیا ہے جن کا ڈبل ٹیکس معاہدوں، ٹرانسفر پرائسنگ، ٹیکس تنازعات سے بچنے اور انہیں ختم کرنے، ڈیجیٹل معیشت کی ٹیکسیشن، ماحولیاتی ٹیکسیشن اور ویلیو ایڈڈ ٹیکسز جیسے معاملات کا تجربہ ہے۔

اگرچہ کمیٹی اراکین کو ان کے ممالک نے نامزد کیا ہے لیکن وہ ذاتی طور پر فرائض انجام دیں گے۔کمیٹی کے نئے اراکین کا پہلا اجلاس اکتوبر میں ہوگا جس دوران ماہرین اپنی مدت کے دوران ورک پلان کا تعین کریں گے۔کمیٹی کے دیگر اراکین کا تعلق چین ،بھارت، نائیجیریا، چلی، جنوبی کوریا، ملاوی، گھانا، میکسیکو، زامبیا، جمائیکا، آئرلینڈ، انڈونیشیاء ، میانمار، موریطانیہ، ارجنٹینا ، انگولا، نیدرلینڈز، روس، کینیڈا، ناروے، جرمنی، ایکواڈور، اٹلی اور سوئیڈن سے ہے۔