عید کی تعطیلات اور ویک اینڈ کے دوران مری میں سیاحوں کا بے پناہ رش

گنجائش سے زائد گاڑیوں کے داخلے کی وجہ سے ٹریفک کے دبائو میں اضافہ ہو رہا ہے،ٹریفک پولیس

ہفتہ 24 جولائی 2021 15:14

عید کی تعطیلات اور ویک اینڈ کے دوران مری میں سیاحوں کا بے پناہ رش
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) عید کی تعطیلات اور ویک اینڈ کے دوران مری میں سیاحوں کا بے پناہ رش ہوگیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران 145000سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں،گزشتہ روز تک تقریبا57000گاڑیاں مری سے آئوٹ ہوئیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق مری میں صرف3200 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے،گنجائش سے زائد گاڑیوں کے داخلے کی وجہ سے ٹریفک کے دبائو میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق پارکنگ کی کمی کی وجہ سے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔ رش اور پریشانی سے بچنے کے لیے سیاح وقتی طور پر مری آنے سے گریز کریں۔ چیف ٹریفک آفیسر رائے مظہر اقبال کے مطابق گنجائش سے زائد گاڑیوں کے داخلے کے باوجود ٹریفک اہلکار بھر پور محنت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سی ٹی او راولپنڈی نے کہاکہ موٹر وے سے 4لائنوں میں آنے والی ٹریفک لوئر ٹوپہ سے 1لائن میں مری داخل ہوتی ہے جسکی وجہ سے لمبی قطار بنتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ تنگ سڑک اور دو طرفہ ٹریفک چلنے کی وجہ سے سنگل لائن ٹریفک چلائی جارہی ہے۔ سی ٹی او رائے مظہر اقبال نے کہاکہ جھیکا گلی چوک میں چاروں اطراف سے آنے والی ٹریفک کی ے ٹریفک کے دبائو میں اضافہ ہوتا ہے،جی پی او چوک اور گردو نواح میں محدود پارکنگ ہونے کی وجہ سے ٹریفک سست روی کا شکار ہوتی ہے۔سی ٹی او راولپنڈی کے مطابق ناکافی پارکنگ کے باعث سیاحوں کی سہولت کے لیے سنگل سائیڈ پارکنگ کی اجازت دی گئی۔

سی ٹی او رائے مظہر اقبال کے مطابق ٹریفک پولیس خراب ہونے والی گاڑیوں کو بروقت مدد بھی فراہم کر رہی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر رائے مظہر اقبال کے مطابق ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی آگاہی کے لیے پبلک ایڈریس سسٹم کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ سی ٹی او راولپنڈی کے مطابق سیاحوں سے گزارش ہے کہ اپنی گاڑی کو مناسب جگہ پر پارک کریں تا کہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ سی ٹی او راولپنڈی کے مطابق ٹریفک پولیس کی طرف سے دی گئی ہدایا ت پر عمل پیرا ہو کر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔