صدر مملکت عارف علوی کا ملک میں بڑے پیمانے پر کورونا کی روک تھام کے لئے ایس او پی کی خلافِ ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار

کورونا کی چوتھی لہر کی روک تھام اور منفی اثرات کم کرنے کے لئے ایس او پیز کی پابندی کرنا ازحد ضروری ہے، عارف علوی کااجلاس سے خطاب

ہفتہ 24 جولائی 2021 15:37

صدر مملکت عارف علوی کا ملک میں بڑے پیمانے پر کورونا کی روک تھام کے لئے ..
کر اچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) صدر مملکت عارف علوی نے ملک میں بڑے پیمانے پر کورونا کی روک تھام کے لئے ایس او پی کی خلافِ ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر کی روک تھام اور منفی اثرات کم کرنے کے لئے ایس او پیز کی پابندی کرنا ازحد ضروری ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت کورونا کی صورتحال، سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے متعلق گورنر ہاؤس کراچی میں اجلاس ہوا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدمات اسد عمر نے شرکت کی ۔

صدر مملکت نے کہاکہ وفاقی حکومت سندھ کے لئے پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، تخفیف غربت کیلئے وسائل کے پائیدار استعمال، سماجی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے سندھ کے عوام کی شرکت یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ملک میں بڑے پیمانے پر کورونا کی روک تھام کے لئے ایس او پی کی خلافِ ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ فیصل مسجد میں نماز عید کے دوران این سی او سی کی سفارشات پر عمل نہیں کیا گیا، متعلقہ ایس او پی کو نظرانداز کیا جارہا ہے، کورونا کی چوتھی لہر کی روک تھام اور منفی اثرات کم کرنے کے لئے ایس او پیز کی پابندی کرنا ازحد ضروری ہے۔

انہوںنے کہاکہ عوام جلد سے جلد اپنے آپ کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائیں، عوام کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے این سی او سی کی ہدایات پر من و عن عمل کریں۔ انہوںنے کہاکہ گورنر سندھ اجتماعات اور دیگر مذہبی تقاریب کے دوران ایس او پی کو یقینی بنانے کے لئے ماہ محرم سے قبل علمائے کرام اور مذہبی سکالرز کا اجلاس بلائیں۔صدر مملکت نے کہاکہ آزمائش کی گھڑی میں لوگوں کو اپنا کردار ادا کرنے اور مجالس کے دوران کورونا سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا وائرس کی اقسام کے باعث ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی ۔ اسد عمر نے کہاکہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کا آغاز ہونے کے واضح آثار نظر آرہے ہیں، انسدادِ کورونا احتیاطی تدابیر کی ناقص تعمیل اور کورونا کی ڈیلٹا قسم کی آمد کی وجہ سے کورونا کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے،حکومت کورونا کی روک تھام کیلئے دو جہتی حکمت عملی پر توجہ مرکوز کررہی ہے، بڑے شہروں بالخصوص سیاحتی مقامات پر انسداد کورونا ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کروائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ لوگوں کو ماسک پہننے ، ہجوم سے بچنے اور ویکسین لگوانے کی ترغیب دے رہے ہیں، صدر پاکستان نے کراچی اور صوبہ سندھ کے دیگر اضلاع کے لئے ترقیاتی سکیموں کے لئے وفاقی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔