سجاول، گوٹھ بچل کہرانو کے رہائشیوں کا با اثر افراد کی جانب سے زمین پر قبضہ کئے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

اتوار 25 جولائی 2021 22:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) سجاول کے گوٹھ بچل کہرانو کے رہائشیوں نے با اثر افراد کی جانب سے زمین پر قبضہ کئے جانے کے خلاف ریٹائرڈ ٹیچر عبدالرزاق کہر انو اور دیگر کی قیادت میں عورتوں اور بچوں سمیت پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، عبدالرزاق کہر انو نے الزام لگایا کہ علاقہ کے با اثر افراد مشتاق شاہ، محمد جمن، پلو شاہ اور دیگر نے دیہہ ونگارو میں واقع 6ایکڑ سے زائد ہماری کھاتہ کی زرعی زمین پر اسلحہ کے زور پر قبضہ کر لیا ہے، انہوں نے بتایا کہ مذکورہ زمین کا کیس 20 سال تک عدالت میں زیر سماعت رہا ہے اور عدالت نے بھی ہمارے حق میں فیصلہ دیا ہے، انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بااثر افراد نے محکمہ ریونیو کے افسران سے ملی بھگت کر کے زمین کا کھاتہ جعلسازی کے ذریعے تبدیل کرا کر قبضہ کیا ہے جبکہ مذکورہ زمین کا کھاتہ ہمارے والد کے نام پر ہے، انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سمیت ارباب اختیار سے اپیل کی کہ ہمارے زمین سے قبضہ ختم کرا کر ہمیں انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔