حکومت، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی میں تصحیح، تصدیق اور تجدید کا نیا نظام لارہی ہے، وزیر داخلہ

پیر 26 جولائی 2021 22:49

حکومت، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی میں تصحیح، تصدیق اور تجدید ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں تصحیح، تصدیق اور تجدید کا نیا نظام لارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ 840 شناختی کارڈز، جنہیں وزیروں نے انتخابات میں ریلیز کرایا تھا ان سب کو مسترد کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔انہوںنے کہا کہ نادرا میں پالیسی لائیں گے کہ انگوٹھے کے نشانوں سے آئی ڈی کارڈ کے سسٹم کو بحال رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تصدیق، تجدید اور تصحیح کی نئی پالیسی لارہے ہیں، جو کارڈ مشکوک ہوں گے انہیں پیغامات بھیجیں گے اور وہ انٹرنیٹ کے ذریعے اس کا جواب دیں گے تاکہ ہم دیکھ سکیں کہ کوئی غیر ذمہ دار شخص پاکستان کے شناختی کارڈ سے فائدہ تو نہیں اٹھارہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بغیر ویزا کے سالوں سے مقیم لوگوں کو 14 اگست تک کا وقت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان چھوڑدیں یا ویزا کے لیے درخواست دے دیں تو ان کے جرمانے کی فیس معاف کردوں گا۔

انہوںنے کہاکہ نادرا کو قومی توقعات کے عین مطابق بنانے کے لیے نئے چیئرمین نے عہدہ سنبھالا ہے اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی ای) کے سائبر کرائم ونگ کو بھی مزید ترقی دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت اور اسرائیل نے ہائبرڈ وار کا آغاز کردیا ہے، یہ نادرا کو مشکوک بنانا چاہتے ہیں اور اس کی سوشل میڈیا پر مہم چلارہے ہیں۔