آزاد کشمیر انتخابات، ن لیگ کے مقابلے میں پیپلز پارٹی لاکھوں ووٹ کم حاصل کرنے کے باوجود دوسرا نمبر حاصل کرنے میں کامیاب

تحریک انصاف کو 6 لاکھ سے زائد، مسلم لیگ ن کو 5 لاکھ سے زائد جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کو 3 لاکھ سے زائد ووٹ پڑے، کل ٹرن آوٹ 58 فیصد رہا

muhammad ali محمد علی پیر 26 جولائی 2021 20:16

آزاد کشمیر انتخابات، ن لیگ کے مقابلے میں پیپلز پارٹی لاکھوں ووٹ کم ..
مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی2021ء) آزاد کشمیر انتخابات، ن لیگ کے مقابلے میں پیپلز پارٹی لاکھوں ووٹ کم حاصل کرنے کے باوجود دوسرا نمبر حاصل کرنے میں کامیاب، تحریک انصاف کو 6 لاکھ سے زائد، مسلم لیگ ن کو 5 لاکھ سے زائد جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کو 3 لاکھ سے زائد ووٹ پڑے، کل ٹرن آوٹ 58 فیصد رہا۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیرانتخابات کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق الیکشن میں فتح حاصل کرنے والی تحریک انصاف سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی، جبکہ حیران کن طور پر پیپلز پارٹی ن لیگ کے مقابلے میں کم ووٹ حاصل کر کے بھی نشستوں کے معاملے میں دوسرے نمبر پر رہی۔ جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ہوئی پولنگ کے دوران ٹرن آؤٹ 58فیصد رہا، جبکہ 2016کے انتخابات میں ٹرن آؤٹ 65 فیصد رہا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ 6 لاکھ 13 ہزار590 ووٹ حاصل کئے، پی ٹی آئی کے حاصل کردہ ووٹوں کی شرح 32 اعشاریہ 5 فیصد ہے۔ مسلم لیگ ن نے 4 لاکھ 91ہزار91 ووٹ حاصل کیے جبکہ شرح 25 اعشاریہ 65 ہے، پیپلزپارٹی نے 3لاکھ 49 ہزار895 ووٹ لیے، شرح 18 اعشاریہ 28 ہے۔ جبکہ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس نے 1لاکھ 53ہزار861 ووٹ حاصل کیے۔ جبکہ نشستوں کے حوالے سے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف 26 نشستیں حاصل کر کے تنہاء حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ چکی، حکمراں جماعت کے مقابلے میں پیپلز پارٹی 11 جبکہ آخری انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے والی مسلم لیگ ن صرف 5 نشستوں پر فتح حاصل کر سکی۔

یہاں واضح رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر کی کل 45 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی جس کے بعد اب تک 43 نشستوں کے غیر سرکاری غیر حتمی مکمل نتائج موصول ہو چکے۔ 2 نشستوں کے نتائج موصول ہونا ابھی باقی ہیں۔ انتخابات میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے جلد وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔