پولیس نے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو گرفتار کرلیا

پی ٹی آئی کے ناراض رکن پنجاب اسمبلی کو معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کی درخواست پر درج کیے گئے مقدمے میں حراست میں لیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 جولائی 2021 13:33

پولیس نے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو گرفتار کرلیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جولائی 2021ء ) لاہور پولیس نے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ناراض جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے نذیر چوہان کو لاہور میں ایل ڈی اے پلازہ کے قریب سے حراست میں لیا گیا ، رکن پنجاب اسمبلی کو وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کی درخواست پر درج کیے گئے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب اور مشیر داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر کی درخواست پر جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی سیکریٹری اور رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ، شہزاد اکبرکی طرف سے 20 مئی کو لاہور کے تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی ، جس میں وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب اور مشیر داخلہ نے موقف اختیار کیا کہ جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان نے ایک ٹی وی پروگرام میں مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے ، ان الزامات سے میری زندگی کوخطرہ ہوسکتا ہے ، نذیرچوہان کی گفتگوکا مطلب کرپشن کے خلاف کام کی حوصلہ شکنی ہے، اس لیے نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرکے سخت کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

مقدمہ درج ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنماء ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے گرفتاری دینے کا اعلان کیا ، حکمران جماعت پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی سیکریٹری رکنِ پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے لاہورکے تھانے ریس کورس میں گرفتاری دینے کا اعلان کیا ، یہ بات جہانگیر ترین گروپ کے رکنِ پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہی ، جس میں انہوں نے بتایا کہ گرفتاری دینے کے لیے تھانہ ریس کورس جاؤں گا تاہم بعد ازاں انہوں نے گرفتاری نہ دینے کا فیصلہ کیا جس پر لاہور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو گرفتار کرلیا۔