خدیجہ صدیقی کیس; صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے مجرم شاہ حسین کی سزا میں کمی کی تفصیلات سے آگاہ کر دیا

جیل رولزکے مطابق شاہ حسین کو 5 سال کے دوران سزا میں 17 ماہ 23 دن کی چھوٹ ملی۔ صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 27 جولائی 2021 15:33

خدیجہ صدیقی کیس; صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے مجرم شاہ حسین کی سزا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جولائی 2021ء) : صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے خدیجہ صدیقی قتل کیس کے مجرم شاہ حسین کی سزا میں کمی کی تفصیلات سے آگاہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شاہ حسین کو سزا میں صدر، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی جانب سے کوئی معافی نہیں ملی جب کہ آئی جی جیل اور سپرنٹنڈنٹ جیل کی جانب سے بھی سزا میں کوئی معافی نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ جیل رولزکے مطابق شاہ حسین کو 5 سال کے دوران سزا میں 17 ماہ 23 دن کی چھوٹ ملی۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ شاہ حسین کو قید کے دوران مختلف مشقت کرنے پر سزا میں 8 ماہ 8 دن معافی ملی، اچھے چال چلن پر سزا میں ایک ماہ اور خون دینے پر ایک ماہ کی معافی ملی جب کہ جیل میں 2019ء میں بی اے کرنے پر سزا میں 4 ماہ 15 دن کی معافی دی گئی۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ شاہ حسین کو 2020ء میں قرآن پاک ترجمے کے ساتھ ختم کرنے پر سزا میں 3 ماہ کی چھوٹ ملی۔

یاد رہے کہ قانون کے طالب علم شاہ حسین کے خلاف کلاس فیلوخدیجہ صدیقی پر3 مئی 2016ء کو حملے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شاہ حسین کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق خدیجہ اپنی چھوٹی بہن کو شملہ پہاڑی کے قریب اسکول سے لینے گئی، ڈیوس روڈ پر شاہ حسین نے اس پرچھریوں سے حملہ کر دیا اور 23 وار کرکے اسے شدید زخمی کر دیا۔ ٹرائل مکمل ہونے پر شاہ حسین کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے 29 جولائی2017ء کو ملزم شاہ حسین کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اپیل میں سیشن عدالت نے شاہ حسین کی سزا 2 سال کم کرکے 5 سال کر دی جبکہ جون 2018ء میں لاہور ہائیکورٹ نے سزا ختم کر کے شاہ حسین کو بری کر دیا تھا تاہم جنوری 2019ء میں سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا بریت کا حکم ختم کرکے مجرم شاہ حسین کی 5 سال قید کی سزا بحال کر دی تھی۔ جس کے بعد 23 جولائی کو سزا مکمل ہونے پر شاہ حسین کو لاہور کی جیل سے رہا کر دیا گیا ۔

شاہ حسین کی جیل سے رہائی کے بعد خدیجہ صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ تکلیف ہوتی ہے جب کہا جائے کہ ضرور کچھ کیا ہوگا۔ خدیجہ صدیقی نے مجرم شاہ حسین کی رہائی پر کہا کہ چھری کے 23 وار سہنے پڑے، اِس دکھ سے گزری ہوں۔ خدیجہ صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ عمل بہت تکلیف دیتا ہے جب کوئی آپ کے کردار پر انگلی اٹھائے اور یہ کہے کہ ضرور اس نے کچھ کیا ہو گا۔ خدیجہ صدیقی کیس کے مجرم شاہ حسین کی رہائی پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی تنقید بھی کی گئی جس پر اب صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے مجرم شاہ حسین کی سزا سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کر دیا ہے۔