صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے،مکیش کمار چالہ

مالی سال برائے 2021-22 کے ٹیکس اہداف حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کی جائے،اجلاس سے خطاب

منگل 27 جولائی 2021 17:06

صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے،مکیش کمار چالہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) سندھ کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و محکمہ انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی ہے کہ وہ منشیات کی فروخت کے گھنانے جرم میں ملوث بدنام افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھے اور اس طرح کے مجرموں کے خلاف ہر سطح پر کریک ڈان کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں یہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات راجہ خرم شہزاد عمر ، ڈائریکٹر جنرلز منیر احمد زرداری ، حاجی سلیم بھٹو اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر مکیش کمار چالہ نے افسران کو مزید ہدایت کی کہ وہ مالی سال 2021-22 کے لئے مقرر کردہ ٹیکس اہداف کے حصول کے لئے ہر ممکن کوششیں کریں اور پراپرٹی ٹیکس ، پیشہ ورانہ ٹیکس اور کاٹم فیس کی وصولی کے لئے سخت کوششیں کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ اپنے ماتحت عملے کو ہدایت کریں کہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی)کے مطابق کمپیوٹر سسٹم میں تمام ادا شدہ چلان کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کریں اور ان کی تصدیق کی جانی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 'تمام ریجنل ڈائریکٹرز ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فوری طور پر ضلعی افسران کو اپنے فیلڈ عملے کو متحرک کرنے اور ذاتی دلچسپی کے ذریعے سرکاری واجبات کی وصولی کو یقینی بنانے کے لئے ہدایت جاری کریں'۔

اس موقع پر سکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات راجہ خرم شہزاد عمر نے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چالہ کو بتایا کہ پراپرٹی ٹیکس ، پیشہ ورانہ ٹیکس اور کاٹن فیس کے بقایا جات کی وصولی کے لئے الگ ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں۔سندھ کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے امید ظاہر کی ہے کہ افسران محکمے کی توقعات پر پورا اتریں گے اور اپنے اپنے شعبے کا نام روشن کریں گے۔