ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے5دواسازکمپنیوں کے لائسنس منسوخ کردیئے

بارہ دواسازکمپنیوں کے لائسنس معطل‘انسپکشن کے دوران کمپنیاں غیر معیاری دوا سازی کی مرتکب پائی گئیں. سی ای او ڈریپ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 28 جولائی 2021 17:19

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے5دواسازکمپنیوں کے لائسنس منسوخ کردیئے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 28 جولائی ۔2021 ) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے غیر معیاری ادویات تیار کرنے والی دوا ساز کمپنیوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے 5 لوکل دوا ساز کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کر دیے ہیں. محکمانہ ذرائع کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے 12 لوکل دوا سازکمپنیوں کے لائسنس معطل کیئے ہیں جن میں سندھ کی پانچ، بلوچستان کی ایک دوا ساز کمپنی کا لائسنس معطل کردیا جبکہ خیبرپختونخوا کی 5 اور اسلام آباد کی ایک دواساز کمپنی شامل ہے.

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈریپ نے پنجاب کی 2، سندھ کی 2 اور اسلام آباد کی 1 فارما کمپنی کا لائسنس کینسل کیا ہے ذرائع کے مطابق دوا ساز کمپنیز کے خلاف ایکشن ڈریپ ایکٹ 2012 کے تحت لیا گیا.

(جاری ہے)

دوسری جانب سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عاصم رﺅف نے فارما کمپنیز کے خلاف کاروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دوا سازکمپنیوں نے گڈ مینوفیکچرنگ پریکٹس کی خلاف ورزی کی ڈاکٹرعاصم کے مطابق دواساز کمپنیز کے خلاف کارروائی فیلڈ ٹیمز کی سفارش پر کی گئی.

انسپکشن کے دوران کمپنیاںغیر معیاری دوا سازی کی مرتکب پائی گئیں سی ای او ڈریپ کا کہنا ہے کہ ملک میں عالمی معیار کی دواسازی دستیابی اولین ترجیح ہے ڈریپ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا غیر معیاری ادویات کے خلاف ملک گیر آپریشن جاری رہے گا.